بدھ, جنوری 22, 2025
اشتہار

زرعی شعبے کی ترقی اور جدید ٹیکنالوجی کو متعارف کرانا حکومتی ترجیح ہے، وزیراعظم

اشتہار

حیرت انگیز

اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ زرعی شعبے کی ترقی اور جدید ٹیکنالوجی کو متعارف کرانا حکومتی ترجیح ہے، کسانوں کو ہرممکنہ سہولت فراہم کرنا چاہتے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان سے ایشین ڈویلپمنٹ بینک کے چیف برائے فوڈ سیکیورٹی نے ملاقات کی۔ خسرو بختیار، اسد عمر اور جہانگیر ترین بھی ملاقات میں شریک تھے۔

وزیراعظم کو عالمی وعلاقائی سطح پر زرعی شعبے کی سفارشات پر بریفنگ کے دوران بتایا گیا کہ جدید ٹیکنالوجی پر مبنی زراعت کا شعبہ حکومتی سرپرستی کا متقاضی ہے، زرعی شعبے کے فروغ کے لیے ریسرچ اینڈ ڈویلپمنٹ سینٹرکا قیام ضروری ہے۔

- Advertisement -

وزیراعظم کو بتایا گیا کہ بیج کی جدید اقسام، کیمیکلز، فرٹیلائزرز، کیڑے مار دوائیں، مالی وسائل کی دستیابی ضروری ہے، بنگلادیش، نیپال، پاکستان میں زرعی انفرااسٹرکچر تباہ حالی کا شکار ہے۔

وزیراعظم کو بریفنگ کے دوران بتایا گیا کہ ٹیکنالوجی کے فروغ کے لیے بینک نے 10لاکھ ڈالر کی گرانٹ منظور کرلی، ٹیکنالوجی منصوبے پر2020 میں عمل شروع ہو جائے گا،ایشین ڈویلپمنٹ بینک 150 ملین ڈالرکے قرضے کی فراہمی پرغور کر رہا ہے۔

اس موقع پر وزیراعظم نے کہا کہ بلوچستان میں بڑے پیمانے پر کارپوریٹ ایگریکلچرمتعارف کرایا جائے گا، زرعی شعبے کی ترقی اور جدید ٹیکنالوجی کو متعارف کرانا حکومتی ترجیح ہے، کسانوں کو ہرممکنہ سہولت فراہم کرنا چاہتے ہیں۔

عمران خان نے کہا کہ زرعی شعبہ ملکی معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتا ہے، ملکی آبادی کا بڑاحصہ زرعی شعبے سے منسلک ہے، زرعی اجناس کی پیداوار کے بارےمیں جامع منصوبہ بندی کی جا رہی ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ کپاس، چاول، گندم و دیگر فصلوں میں اضافے کی کوشش کر رہے ہیں، حکومت فشریز، فارمنگ وغیرہ جیسے شعبوں پر بھی توجہ دے رہی ہے، ماضی میں ایسے شعبے یکسر نظرانداز کیے جاتے رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ زرعی شعبےمیں چین کے تجربے سے بھی استفادہ کرنے کے لیے پرعزم ہیں، پاکستان تکنیکی معاونت کی فراہمی پر بینک کی کوششوں کا خیر مقدم کرتا ہے۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں