اسلام آباد: قومی خزانے کے استعمال کی تفصیلات قومی اسمبلی میں پیش کردی گئیں۔ دنیا بھر میں قائم پاکستانی سرکاری دفاتر پر 11 ارب سے زائد کے اخراجات سامنے آئے۔
تفصیلات کے مطابق سرکاری اخراجات کی تحریری تفصیلات قومی اسمبلی میں پیش کردی گئیں۔ تفصیلات میں بتایا گیا کہ دنیا بھر میں بند پاکستانی سفارتخانوں پر بھی لاکھوں روپے خرچ کیے جارہے ہیں جبکہ ایک ملازم قومی خزانے کو کروڑوں روپے کا پڑ رہا ہے۔
دستاویزات کے مطابق یمن میں عارضی طور بند دفتر پر ماہانہ 4 لاکھ روپے خرچ کیے جارہے ہیں۔ کینیڈا کے شہر مونٹریال میں صرف ایک ملازم پر کروڑوں روپے کے اخراجات آئے۔
دستاویزات میں 122 ممالک میں قائم پاکستانی مشنز پر آنے والے اخراجات اور ملازمین کی تفصیلات بھی پیش کی گئیں۔ ان میں گلاسکو، دبئی اور برونائی میں قائم پاکستانی مشنز کی تفصیلات بھی شامل ہیں۔
وزارت داخلہ کے مطابق 122 ممالک میں قائم پاکستانی کمشنز میں 19 سو 62 ملازمین تعینات ہیں۔ سال 16۔2015 میں بیرون ملک قائم دفاتر پر 11 ارب سے زائد کے اخراجات آئے۔ موجودہ دور حکومت میں 1001 ملازمین بیرون ملک دفاتر میں بھجوائے گئے۔