لاہور ؛ گورنر ہاؤس پنجاب اتوار کے روز صرف فیمیلز کے لیے کھولا جائے گا، کھانے پینے کی اشیاء ساتھ لانےکی ممانعت ہوگی، ترجمان نے ہدایات جاری کردیں۔
تفصیلات کے مطابق گورنر ہاؤس لاہور میں شہریوں کی جانب سے پارکوں اور دیگر اشیاء کو پہنچائے جانے والے نقصانات کے بعد پنجاب حکومت نے گورنر ہاؤس کو عوام کیلئے کھولے جانے سے متعلق ہدایات جاری کردیں۔
ترجمان کا کہنا ہے کہ گورنر ہاؤس کا مخصوص حصہ ہر اتوار کو صرف فیملیز کیلئے کھولا جائے گا، گورنر ہاؤس صبح9سے12پھر دوپہر2سے شام5بجے تک کھلا رہے گا، یہاں صرف فیملیز کو داخلہ کی اجازت ہوگی، عوام شناختی کارڈ ساتھ لائیں۔
ترجمان نے مزید ہدایات دیں کہ گورنرہاؤس کی سیر کیلئے آنے والی فیملیز کھانے پینے کی اشیاء اپنے ہمراہ ہرگز نہ لائیں، گورنر ہاؤس قومی اثاثہ ہے اس کی دیکھ بھال ہم سب کی ذمہ داری ہے۔
ترجمان گورنرہاؤس کے مطابق فیملیز دوران سیر صفائی کا خاص خیال رکھیں، پارکوں اور دیگر مقامات پر کچرہ نہ پھینکیں، اس کے علاوہ پودوں اورپھولوں کی حفاظت کی جائے۔
یاد رہے کہ وزیرِ اعظم عمران خان کی ہدایت پر گورنر ہاؤس پنجاب کو عوام کی سیر و تفریح کے لیے کھولے جانے کے بعد لاہور کے شہریوں نے غیر ذمہ داری کا مظاہرہ کرتے ہوئے اسے ایک ہی دن میں کچرے کے ڈھیر میں تبدیل کر دیا تھا۔
مزید پڑھیں: لاہور کے شہریوں نے گورنر ہاؤس کو کچرے کا ڈھیر بنا دیا
پہلی بار آنے والے شہریوں نے خوب صورت لان میں جگہ جگہ کھانے پینے کی اشیاء خالی بوتلیں اور تھیلیاں پھینک دیں، صرف یہی نہیں بلکہ انتہائی غیر ذمہ داری کا مظاہرہ کرتے ہوئے فرنیچر کو بھی نقصان پہنچایا، شیشے توڑ دئیے اور درختوں پر لگے پھلوں کو بھی نہ چھوڑا۔