لاہور : گورنر ہاؤس پنجاب میں جھیل کے پُل پر گنجائش سے زیادہ لوگ کھڑے ہونے سے پُل ٹوٹ گیا لوگ پانی میں جا گرے، انتظامیہ کی ہدایات کے باوجود لوگوں نے عمل نہیں کیا۔
تفصیلات کے مطابق لاہور میں چھٹی کے روز لوگوں کی بڑی تعداد نے گورنر ہاؤس کا رخ کیا، گورنر ہاؤس پنجاب کو لاہور کے شہریوں نے ایک بار پھر تختہ مشق بنا ڈالا۔
پہلے کچرے کے ڈھیر لگائے، فرنیچر توڑ ڈالا، درختوں سے پھل لے اڑے اور اب کی بار گورنر ہاؤس پنجاب میں جھیل کے پُل پر گنجائش سے زیادہ لوگ کھڑے ہو گئے جس کا نتیجہ یہ ہوا کہ پُل ہی نیچے آگیا۔
پل کھڑے سارے لوگ جھیل میں جا گرے، لوگوں کو کشتیوں کے ذریعے پانی سے نکالا گیا، وزیر اعظم عمران خان نے تو عوام کا خیال کیا لیکن لوگوں نے گورنر ہاؤس پنجاب کا خیال نہیں کیا۔
یاد رہے کہ گزشتہ ہفتے تفریح کیلئے آئے لاہور کے شہریوں نے گورنر ہاؤس میں کچرے کے ڈھیر لگا دیئے تھے، کھانے کے ڈسپوزل برتن اور شاپر چھوڑ گئے تھے فرنیچر کا حشر نشر کر دیا اور درختوں سے پھل بھی توڑ لئے گئے تھے۔
اس کے علاوہ گزشتہ روز گورنر ہاؤس لاہور میں شہریوں کی جانب سے پارکوں اور دیگر اشیاء کو پہنچائے جانے والے نقصانات کے بعد پنجاب حکومت نے گورنر ہاؤس کو عوام کیلئے کھولے جانے سے متعلق ہدایات جاری کی تھیں ۔
مزید پڑھیں: گورنر ہاؤس پنجاب اتوار کے روز صرف فیمیلز کے لیے کھولا جائے گا، ہدایات جاری
ہدایات کے مطابق گورنر ہاؤس اتوار کے روز صرف فیمیلز کے لیے کھولا جائے گا، کھانے پینے کی اشیاء ساتھ لانے کی ممانعت ہوگی، ترجمان کا کہنا تھا کہ گورنر ہاؤس قومی اثاثہ ہے اس کی دیکھ بھال ہم سب کی ذمہ داری ہے۔