اشتہار

کرپشن کے ذریعے معاشی دہشت گردی کرنے والے قومی مجرم ہیں، چوہدری محمد سرور

اشتہار

حیرت انگیز

لاہور : گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور نے کہا ہے کہ معاشی دہشت گردی کرنے والے قومی مجرم ہیں، وفاقی اور پنجاب حکومت بجٹ میں غریب آدمی پر فوکس کریں گی اور زیادہ سے زیادہ ریلیف دیا جائے گا۔

تفصیلات کے مطابق گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور سے صوبائی وزیر ہاﺅسنگ میاں محمودالرشید اور تحریک انصاف کے ایم این اے فہیم خان نے ملاقات کی جس میں سیاسی، پارٹی سمیت دیگر امور کے حوالے سے بات چیت کی گئی۔

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور نے کہا کہ کرپشن کے ذریعے معاشی دہشت گردی کرنے والے قومی مجرم ہیں، بعض عناصر ملک میں اقتصادی غیر یقینی صورتحال پیدا کرنے کی کوشش کررہے ہیں مگر ان کو ہر صورت ناکام بنائیں گے اور ملک میں اقتصادی استحکام قائم کر یں گے۔

- Advertisement -

وفاقی اور پنجاب حکومت بجٹ میں غر یب آدمی پر فوکس کریں گی ان کو زیادہ سے زیادہ ریلیف دیا جائے گا تحریک انصاف وزیراعظم عمران خان کے ویژن کے مطابق کامیابی کے ساتھ آگے بڑھ رہی ہے۔

چوہدری محمد سرور نے کہا کہ حکومت تجارتی اور صنعتی شعبوں سے متعلق مسائل سے آگاہ ہے،کاروباری برادری کو سازگار کاروباری ماحول مہیا کرنے کے لیے تمام تر اقدامات کئے جا رہے ہیں۔

گورنر پنجاب کا کہنا تھا کہ کٹھن اقتصادی حالات میں مشکل فیصلے کرنے پڑ رہے ہیں لیکن حکومت معیشت کو بہتر کرنے کے لئے ہر ممکن کوشش کر رہی ہے تجارتی خسارے کو کم کرنے کیلئے غیر ضروری اور لگژری اشیاء کی درآمد کو روکنا حکومتی پالیسی کی اولین ترجیح ہے۔

انہوں نے کہا کہ ملک میں مشکل معاشی حالات ضرور ہیں مگر اس کے ذمہ دار70سالوں سے اقتدار کے مزے لوٹنے والے ہیں جنہوں نے ملک کو مسائل کے سواکچھ نہیں دیا۔

انہوں نے کہا کہ معیشت کو درپیش مسائل حکومت اور تاجر برادری دونوں کی مربوط کوششوں سے حل کئے جا سکتے ہیں جس کے لیے تاجر برداری کو چاہیے وہ اپنا کردار ادا کریں حکومت بھی ملک میں تاجر برادری کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کر رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ تحر یک انصاف کی حکومت کا مشن صرف عام آدمی کی ترقی اور خوشحالی ہے جس کے لیے ملک کو معاشی طور پر مضبوط کر رہے ہیں۔

Comments

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں