لاہور: گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور کا کہنا ہے کہ بھارت کا آرٹیکل 370 ختم کرنا عالمی قوانین کی دھجیاں اڑانے کے مترادف ہے، ہم اقوام متحدہ کو خط لکھ رہے ہیں اور دوست ممالک سے رابطے کر رہے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق گورنر پنجاب چوہدری سرور نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ طاقت سے لوگوں کے جذبات ختم کر کے امن نہیں لایا جا سکتا، امن انصاف کے بغیر نہیں آسکتا۔
چوہدری سرور نے کہا کہ دنیا نے احساس کیا کہ جنگیں مسئلے کا حل نہیں، دہشت گردی کے خلاف ہم نے ہزاروں جانیں قربان کی ہیں۔ دہشت گردی سے سب سے زیادہ نقصان پاکستان کو ہوا۔
انہوں نے کہا کہ مودی نے ہماری امن کی خواہش کو کمزوری سمجھا، مودی نے کہا پاکستان کو دنیا میں تنہا کردوں گا۔ بھارتی اپوزیشن جماعتیں بھی مودی کے اقدام کی مذمت کر رہے ہیں۔
گورنر پنجاب کا کہنا تھا کہ کشمیریوں کو پیغام دیتا ہوں ہم آپ کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔ بھارت کا آرٹیکل 370 ختم کرنا عالمی قوانین کی خلاف ورزی ہے، اقدام بین الاقوامی قوانین کی دھجیاں اڑانے کے مترادف ہے۔ جموں و کشمیر میں شہریوں کے لیے زندگی عذاب بنا دی گئی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ہم اقوام متحدہ کو خط لکھ رہے ہیں، ہم دوست ممالک کے سربراہان سے رابطے کر رہے ہیں۔
یاد رہے کہ 5 اگست کو بھارتی وزیر داخلہ امیت شاہ نے آرٹیکل 370 ختم کرنے کا بل بھارتی پارلیمنٹ میں پیش کیا تھا۔ بل کی تجاویز کے تحت غیر مقامی افراد مقبوضہ کشمیر میں سرکاری نوکریاں حاصل کرسکیں گے اور 370 ختم ہونے سے مقبوضہ کشمیرکی خصوصی حیثیت بھی ختم ہوجائے گی۔
بعد ازاں بھارتی صدر نے آرٹیکل 370 ختم کرنے کے بل پر دستخط کر دیے اور گورنر کا عہدہ ختم کر کے اختیارات کونسل آف منسٹرز کو دے دیے۔