لاہور: گورنرپنجاب چوہدری سرور کا کہنا ہے کہ بھارتی افواج کشمیرمیں دنیا کی سب سے بڑی دہشت گردی کر رہی ہے، بھارتی مظالم پردنیاکی خاموشی بھی کسی جرم سے کم نہیں۔
تفصیلات کے مطابق گورنرپنجاب چوہدری سرور نے یوم استحصال کشمیر کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ بھارتی افواج کشمیرمیں دنیا کی سب سے بڑی دہشت گردی کر رہی ہے، کشمیر میں بھارتی دہشت گردی سے96ہزارکشمیر ی شہید اور 22 ہزارکشمیر ی خواتین بیوہ ہوچکی ہیں۔
گورنرپنجاب کا کہنا تھا کہ بھارتی افواج نے زیر حراست 7187کشمیر یوں کوبھی شہید کیا، بھارتی افواج کشمیرمیں انسانی حقوق اورمذہبی آزادی کاقتل کر رہی ہے اور ایک لاکھ 8ہزار 731کشمیری بچے بھارتی مظالم کےباعث یتیم ہوئے۔
چوہدری سرور نے کہا کہ کشمیرمیں بھارتی مظالم پردنیاکی خاموشی بھی کسی جرم سے کم نہیں، خطے میں امن کی کنجی مسئلہ کشمیر کے حل میں ہے ،دنیا بھارتی مظالم کا نوٹس لے۔
ان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم کشمیر یوں کےسفیرہیں انشااللہ کشمیریوں کوآزادی ملے گی، مسئلہ کشمیر کےحل تک خطے میں امن کا خواب پورا نہیں ہوگا۔
خیال رہے مقبوضہ جموں و کشمیر میں بھارتی کرفیو کو 2سال ہو گئے،اس موقع پر پاکستان سمیت دنیا بھر میں یوم استحصال کشمیر منایا جارہا ہے ، اس موقع پر ملک بھر میں ایک منٹ کی خاموشی اور ٹریفک بھی روک دی گئی جبکہ رات 8 بجکر 30 منٹ تک مکمل بلیک آؤٹ کیا جائے گا۔