گورنر پنجاب سلیم سلیم حیدر کا کہنا ہے کہ اسرائیل کو مالی فائدہ پہنچانے والی اشیاء کا بائیکاٹ کرنا ہوگا۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق گورنر ہاؤس پنجاب میں اسرائیلی مصنوعات پر پابندی عائد کردی گئی، سلیم حیدر نے کہا کہ جب تک گورنر ہوں غیرملکی مشروبات اور مصنوعات پر پابندی ہوگی۔
انہوں نے کہا کہ نہتے مسلمانوں پر ظلم دیکھ کر دل خون کے آنسو روتا ہے۔
اتوار کو گورنر ہاؤس لاہور میں سابق وزیر اعظم راجہ پرویز اشرف، پنجاب اسمبلی میں پارلیمانی لیڈر حیدر علی گیلانی، سینئر رہنما چوہدری منظور اور دیگر پارٹی رہنماؤں سے ملاقات کے دوران گورنر پنجاب نے واضح کیا کہ جب تک میں گورنر پنجاب کے عہدے پر ہوں، گورنر ہاؤس میں اسرائیلی مصنوعات اور برانڈز کی کوئی جگہ نہیں ہوگی۔
گورنر پنجاب کا کہنا تھا کہ غزہ اور فلسطین میں نہتے مسلمانوں پر جاری ظلم و بربریت ناقابلِ برداشت ہے۔ انہوں نے عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ وہ اسرائیلی جارحیت کے خلاف فوری اور مؤثر اقدامات کرے۔
انہوں نے عوام سے بھی اپیل کی کہ وہ ان تمام اشیا کا بائیکاٹ کریں جن سے اسرائیل کو مالی فائدہ پہنچتا ہو۔ ان کے مطابق یہ وقت یکجہتی کا ہے، ہمیں ایک اجتماعی پیغام دینا ہوگا کہ پاکستانی قوم مظلوموں کے ساتھ کھڑی ہے۔