لاہور: گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور کا کہنا ہے کہ حکومت عوام کی فلاح وبہبود اور ان کے دیرینہ مسائل کے حل کے لیے دن رات کوشاں ہے۔
تفصیلات کے مطابق گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور سے چیئرپرسن قائمہ کمیٹی داخلہ مسرت چیمہ نے ملاقات کرکے مجموعی سیاسی صورت حال، قانون سازی اور صاف پانی منصوبے کے حوالے سے تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔
اس موقع پرگورنر پنجاب چوہدری محمد سرور نے کہا کہ حکومت عوام کی فلاح و بہبود اور ان کے دیرینہ مسائل کے حل کے لیے دن رات کوشاں ہے۔
چوہدری محمد سرور نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کے وژن کے مطابق تعلیم، صحت اور پینے کے صاف پانی کی فراہمی ہماری ترجیحات میں شامل ہے اوراس میں کوئی کسر اٹھا نہیں رکھی جائے گی۔
انہوں نے کہا کہ حکومت سابقہ حکمرانوں کے چھوڑے گئے پہاڑ جیسے مسائل کے باوجود درست سمت میں گامزن ہے اوراس کی پالیسیوں کے مثبت نتائج سامنے آنا شروع ہو گئے ہیں اور یہی اپوزیشن جماعتوں کی بے چینی کی اصل وجہ ہے۔
مسرت جمشید چیمہ نے کہا کہ موجودہ حکومت نے گورننس پر بھرپور توجہ دی ہے جس سے سرکاری محکموں کی کارکردگی میں بھی بہتری آئی ہے۔
چیئرپرسن قائمہ کمیٹی داخلہ نے کہا کہ گورنر ہاﺅس کو عوام کے لیے کھولنا دو نہیں ایک پاکستان کی جانب عملی قدم ہے اور اس کے لیے گورنر چوہدری محمد سرور خصوصی مبارکباد اور ستائش کے مستحق ہیں۔
مسرت جمشید چیمہ نے کہا کہ حکومت خواتین، بچوں کے حقوق اورعوامی فلاح کے حوالے سے قانون سازی پر خصوصی توجہ دے رہی ہے اور موجودہ حکومت نے ایک سال میں ریکارڈ قانون سازی کی ہے۔