لاہور: گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور کا کہنا ہے کہ وزیراعظم کے استعفے اور نئے انتخابات کا مطالبہ نوگو ایریا ہے، نئے انتخابات کے لیے اپوزیشن کو 2023 کا انتظار کرنا پڑے گا۔
تفصیلات کے مطابق سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور نے اپنے پیغام میں کہا کہ وزیراعظم اور حکومت عوامی مینڈیٹ کے مطابق مدت پوری کرے گی، عوامی خدمت کا مشن جاری رہے گا۔
گورنر پنجاب نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کے استعفے اور نئے انتخابات کا مطالبہ نوگو ایریا ہے، نئے انتخابات کے لیے اپوزیشن کو 2023 کا انتظار کرنا پڑے گا۔
وزیر اعظم @ImranKhanPTI کا استعفیٰ اور نئے انتخابات نوگوایر یا ہے’وزیر اعظم اورحکومت عوامی مینڈ یٹ کے مطابق اپنی آئینی مدت پور ی کر یں گی عوامی خدمت کا مشن جاری رہیگا .نئے انتخابات کیلئے اپوزیشن 2023کا انتظار کر یں#Azadi_March_Updates
— Mohammad Sarwar (@ChMSarwar) November 6, 2019
چوہدری محمد سرور نے کہا کہ اپوزیشن نے جو وقت احتجاج کے لیے چنا ہے وہ مناسب نہیں ہے، اس وقت حکومت کی توجہ کشمیری عوام کی آواز عالمی دنیا تک پہنچانے پر ہے۔
چوہدری برادران ڈیڈلاک توڑنے کی کوشش کررہے ہیں، مولانا فضل الرحمان
یاد رہے کہ گزشتہ روز مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ ہمارے احتجاج کی سمت حکومت کی جانب ہے، چوہدری برادران ڈیڈلاک توڑنے کی کوشش کررہے ہیں، میں سمجھتا ہوں کہ معاملات سنجیدگی سے حل ہوناچاہیے، ہم نے جو فیصلے کیے اس میں کوئی تبدیلی نہیں ہے۔
اسلام آباد میں آزادی مارچ کے حوالے سے حکومت اور رہبر کمیٹی کے درمیان ڈیڈ لاک ابھی تک برقرار ہے جس کو ختم کرنے کے لیے چوہدری برادران اپنی کوششیں جاری رکھے ہوئے ہیں۔