لاہور: گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور کا کہنا ہے کہ کرونا سے بچاؤ کے لیے عوام کوگھروں میں رکھنے کے لیے سختی کریں گے۔
تفصیلات کے مطابق صوبائی دارالحکومت لاہور میں گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور سے فارماسیوٹیکل ایسوسی ایشن کے وفد نے ملاقات کی۔ فارماسیوٹیکل ایسوسی ایشن نے سینی ٹائزرز ،کلوروکوئن انجکشن عطیہ کیے۔
بعدازاں گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کرونا سے بچاؤ کے لیے عوام کوگھروں میں رکھنے کے لیے سختی کریں گے۔
چوہدری محمد سرور کا کہنا تھا کہ خدا کے لیے عوام حالات کو سنجیدہ لیں، کوتاہی کی گنجائش نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ 10 ہزار سینی ٹائزر، 12 ہزار کلوروکوئن انجکشن ڈاکٹرز کو دیے جا رہے ہیں۔
گورنر پنجاب کا کہنا تھا کہ 20 ہزار راشن کے پیکٹ بھی عطیہ کے طور پر جمع ہو چکے ہیں،مستحق افراد میں راشن کی تقسیم شروع کی جا رہی ہے۔
کرونا سے نمٹنے کےلیے چین کا پاکستان میں طبی ماہرین بھیجنے کا اعلان
دوسری جانب کرونا وائرس سے نمٹنے کے لیے چین نے پاکستان میں طبی ماہرین کی ٹیم بھیجنے کا اعلان کر دیا۔
واضح رہے کہ پاکستان میں بھی کورونا وائرس کی وبا تیزی سے پھیل رہی ہے اور متاثر افراد کی تعداد 1106 تک جا پہنچی ہے ، سب سے زیادہ کیسز صوبہ سندھ میں رپورٹ ہوئے جبکہ وائرس سے اب تک 8 افراد جاں بحق اور 21 مریض صحت یاب ہوچکے ہیں۔