لاہور : گورنر پنجاب چودھری سرور نے جرمانے کی رقم ادا کرکے 32 قیدیوں کو رہائی دلوادی اور کہا کہ بروقت فیصلوں کے لئے عدلیہ میں اسپیڈی سسٹم لانا ہوگا، نبی کریم ﷺ پر گورنرکاعہدہ سوبار قربان کرسکتا ہوں۔
تفصیلات کے مطابق گورنر پنجاب چودھری محمد سرور نے کوٹ لکھپت جیل کے مختلف شعبہ جات کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے 32 قیدیوں کے جرمانے کی رقم اپنی جیب سے ادا کر کے انہیں آزادی دلائی۔
قیدیوں کی رہائی کی تقریب سے خطاب میں انہوں نے جیل انتظامات پر اطمینا ن کا اظہار کرتے ہوئے انصاف کی فراہمی کو بہتر بنانے کی ضرورت پر زوردیا۔
چودھری محمد سرور کا کہنا تھا کہ پاکستان کی جیلوں میں قیدیوں کو سہولتیں یورپی ممالک سے کم نہیں ہیں، سرور فاؤنڈیشن جیلوں میں فلٹریشن پلانٹ، ہیپا ٹائٹس سی کے علاج اور قیدیوں کی رہائی کے لئے کوشش کرے گی۔
انھوں نے مزید کہا کہ بروقت فیصلوں کیلئےعدلیہ میں اسپیڈی سسٹم لانا ہوگا،پولیس کے ساتھ پراسیکیوشن کو بھی بہترکرنا ہوگا۔
گورنرپنجاب کا کہنا تھا کہ حکومت ناموس رسالت پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کرےگی، نبی کریم ﷺ پر گورنرکاعہدہ سوبار قربان کرسکتا ہوں، ہم اپنی جانیں بھی قربان کرنے کیلئے تیار ہیں۔
گورنرپنجاب آئی جی جیل خانہ جات شاہد سلیم بیگ نے گورنر کی طرف سے قیدیوں کی فلاح و بہبود کے اقدامات پر شکریہ ادا کیا، آئی جی جیل خانہ جات اس موقع پر قیدیوںمیں تحائف ، مختلف کورسز میں پوزیشن حاصل کرنے والے اورپولیس کے بچوں میں انعامات تقسیم بھی کئے گئے۔