کراچی : گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد خان سے وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نےگورنر ہاؤس میں ملاقات کی ۔ جس میں اہم امورپر بات چیت کی گئی۔
ملاقا ت میں صوبہ میں امن امان کے قیام اور ٹارگٹڈ آپریشن اس کے منطقی انجام تک جاری رکھنے پر اتفاق کیا گیا۔ ملاقات میں کراچی میں جاری بارش اور اس کے حوالے سے پیدا ہونے مسائل پر بھی گفتگو کی۔
اس موقع پر گورنر سندھ کا کہنا تھا کہ عوام کے مسائل کو مد نظر رکھتے ہوئے صوبے میں بارش کے پانی کی نکاسی کو یقینی بنایا جائے تاکہ کوئی ناخوشگوار صورتحال پیش نہ آئے، انہوں نے کہا کہ صوبے میں ترقیاتی عمل کو مزید تیز کیا جائے اور عوام کو بنیادی سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے۔
وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ صوبے میں رین ایمرجنسی نافذ کر دی گئی ہے ،بارش کے پانی کی فوری نکاسی کے لیے احکامات دے دئیے گئے ہیں۔
گورنر سندھ کا کہنا تھا کہ صوبہ میں امن و ا مان کے قیام میں قانون نافذ کرنے والے اداروں نے بے پناہ قربانیاں دی ہیں جس کے باعث ہی امن و امان کی صورتحال میں نمایاں بہتری آرہی ہے ، امن و امان کی صورتحال بہتر ہونے کے بعد غیر ملکی سرمایہ کار تیزی سے صوبہ میں سرمایہ کاری میں دلچسپی لے رہے ہیں ۔
وزیر اعلیٰ سید مراد علی شاہ نے گورنر سندھ کو بتایا کہ ترقیاتی منصوبوں کی بروقت اور معیاری تکمیل حکومت کی اولین ترجیح ہے، اس ضمن میں تمام وسائل کو بروئے کا ر لائے جائیں گے۔