کراچی: گورنر سندھ عمران اسماعیل نے مشتاق مہر کو آئی جی سندھ پولیس بنانے کی تردید کرتے ہوئے کہا کہ آئی جی سندھ کے لیے حتمی فیصلہ نہیں ہوا۔
تفصیلات کے مطابق اے آروائی نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے گورنر سندھ عمران اسماعیل نے کہا کہ مشتاق مہر کو آئی جی سندھ لگانے کی خبر درست نہیں، آئی جی سندھ کے لیے حتمی فیصلہ نہیں ہوا۔
اس سے قبل ذرائع کا کہنا تھا کہ مشتاق مہر کو آئی جی سندھ لگانے پر وفاق اور سندھ حکومت میں اتفاق ہو گیا، وفاقی حکومت نےسندھ حکومت کو فیصلے سے آگاہ کر دیا۔ ذرائع کا کہنا تھا کہ آئندہ 48 گھنٹے میں آئی جی کی تبدیلی کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا جائے گا۔
یاد رہے کہ گزشتہ ہفتے وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت پارٹی رہنماؤں کا اجلاس ہوا تھا جس میں وزیراعظم کا کہنا تھا کہ ایسا آئی جی لائیں گے جو سیاسی مقاصد کے لیے استعمال نہ ہو۔
وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے گزشتہ ماہ سندھ اسمبلی میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہا تھا کہ یہ سندھ اسمبلی عوام کے منتخب کردہ لوگوں کی ہے، عوام کے منتخب کردہ ایوان نے آئی جی سندھ کو مسترد کر دیا ہے۔
وزیراعلیٰ سندھ کا کہنا تھا کہ سندھ حکومت قانون کے تحت آگے کام کرتی ہے، اپنی ٹیم کا انتخاب کرنا آئینی طور پر سندھ حکومت کا اختیار ہے۔