کراچی: گورنر سندھ نے کہا ہے کہ شنگھائی الیکٹرک پاور کمپنی جلد ’’کےالیکٹر ک‘‘ کا نظم و نسق سنبھال لے گی جو کہ کراچی کے عوام کے لیے ایک اچھی خبر ہے۔
یہ بات انہوں نے آج شنگھائی الیکٹرک پاور کمپنی کے وفد سے کی گئی ملاقات کے دوران کہی، ملاقات کے دوران شنگھائی الیکٹرک پاور کمپنی کی جانب سے ’’کے الیکٹرک‘‘ کا کنٹرول سنبھالنے کے معاہدے پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
گورنر سندھ کا کہنا تھا کہ اس معاہدے سے کراچی کے عوام کو بجلی کی فراہمی میں بہتری آئے گی اور یہ کراچی کے عوام کے لیے ایک اچھی خبر ہے جس کے اثرات گھریلو صارفین کے ساتھ ساتھ صنعتی علاقوں تک بھی پہنچیں گے اور معیشت میں خوشگوار تبدیلی رونما ہو گی۔
گورنر سندھ محمد زبیر نے شنگھائی الیکٹرک پاور کمپنی کے وفد کو سیکیورٹی کی مکمل فراہمی کی یقین دہانی کرواتے ہوئے کہا کہ پاک چین دوستی بے مثل ہے جسے مزید مستحکم اور سود مند بنانے کے لیے چین کےسرمایہ کاروں کو ہر قسم کا تحفظ دیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ پاک چین دوستی میں وقت کے ساتھ ساتھ مزید اضافہ ہو رہا ہے اور دونوں ممالک میں مزیدتعاون کےوسیع مواقع موجود ہیں جس کے لیے وزیر اعظم اقتصادی شعبے پر خصوصی توجہ دے رہے ہیں۔
گورنر سندھ نے کہا کہ وزیراعظم کی پالیسیوں سےسرمایہ کاری کے نمایاں مواقع پیدا ہوئے ہیں اور ملک کی معیشت ترقی کی شاہراہ پر گامزن ہے جس کی روشن مثال پاک چین اقتصادی راہداری منصوبے کی کامیابی ہے۔
گورنر سندھ نے چینی کمپنی کے وفد سے گفتگو کے دوران کراچی کی تعمیر و ترقی اور امن و امان کی بحالی سے متعلق حکومتی پروجیکٹس کی تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ کراچی میں سرمایہ کاری کے لئے فضا نہایت سازگار ہے اور حکومت اس شہر میں سرمایہ کاری کرنے والوں کی حوصلہ افزائی کرے گی۔