کراچی: گورنر سندھ کامران ٹیسوری کا کہنا ہے کہ وزیراعظم شہباز شریف اور وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ سے عید میلاد النبی ﷺ کے موقع پر دو چھٹیوں کا مطالبہ کروں گا۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعظم اور وزیر اعلیٰ سندھ کو خط لکھ کر 11 اور 12 ربیع الاول کی چھٹی کے اعلان کا مطالبہ کروں گا۔
گورنر سندھ نے 11اور 12 ربیع الاول کو لوڈشیڈنگ نہ کرنے کیلئے کے الیکٹرک حکام کو بھی خط لکھنے کا اعلان کیا اور کہا کہ چیئرمین پیمرا کو بھی خط لکھ کرکہوں گا عید میلادالنبی ﷺ کی تعظیم میں کیبل آپریٹرزکو پابند کیا جائے۔
انہوں نے کہا کہ خط میں کہوں گا کہ کیبل پر صرف نعت خوانی، درود و سلام کی محافل کو نشر کیا جائے۔
علاوہ ازیں کامران ٹیسوری نے کہا کہ ربیع الاول کا مہینہ عقیدت و احترام سے منایا جارہا ہے، گورنر ہاؤس میں چراغاں ہوگا اور عید میلاد النبی ﷺ کے حوالے سے پروگرام کا انعقاد بھی کیا جائے گا جس میں عوام بھی شرکت کریں۔
گورنر سندھ نے کہا کہ 12 ربیع الاول نبی کریم ﷺ کی ولادت کا بڑا بابرکت مہینہ ہے، میئر کراچی شہر کی سڑکوں کی مرمت کا کام کروائیں اور وہ سیاسی جواب مت دیں کام کروادیں۔