گورنر سندھ کامران ٹیسوری کا کہنا ہے کہ کراچی کو لاوارث نہیں چھوڑیں گے ہر ایک کو لگام دینی ہوگی۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ یہ شہر ہمارا تھا اور ہمارا رہے گا، دوسرے لوگ خواب دیکھنا چھوڑ دیں گے۔
انہوں نے کہا کہ آئیں شہر کی معیشت، نظام کو بہتر کرنے کے لیے ساتھ بیٹھیں، کراچی کو سیاست کی ضرورت نہیں اس کے لیے ہم کافی ہیں، ہم نے لوگوں کے ہاتھوں میں اسلحہ نہیں قلم دیا ہے۔
گورنر سندھ نے کہا کہ یہاں پر تو لاشوں پر سیاست کی جاتی رہی ہے، ڈمپر جیسے واقعات پر بھی لوگوں نے سیاست کی کوشش کی، میں نے اس وقت بھی کہا لاشوں پر سیاست نہیں ہوگی، شہدا قبرستان بھرے ہوئے ہیں۔
کامران ٹیسوری نے کہا کہ وزیراعظم، آرمی چیف اور خالد مقبول ایک پیج پر ہیں، کام ہورہا ہے اور ہم دیکھ رہے ہیں، ملک اپنی اڑان اڑنا شروع ہوگیا۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ اب ملک کا مستقبل تابناک ہے۔