گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے کہا ہے کہ سیاست میں مذاکرات کے دروازے بند نہیں ہونے چاہئیں جو گرفتاریاں ہوئی ہیں انہیں ضمانت دلا سکتے ہیں۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ میرا سیاست سے تعلق نہیں ہے، تاہم سیاست میں مذاکرات کے دروازے بند نہیں ہونے چاہئیں۔ جو گرفتاریاں ہوئی ہیں، انہیں ضمانت دلا سکتے ہیں۔ پی ٹی آئی سمیت تمام سیاسی جماعتوں سے کہتا ہوں کے معیشت کے معاملے پر ہمیں ایک پیج پر ہونا چاہیے۔
کامران ٹیسوری نے کہا کہ آج اسٹاک مارکیٹ تاریخ کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی ہے۔ وزیراعظم اور خاص طور پر عسکری قیادت کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔ آرمی چیف عاصم منیر سرحدوں کیساتھ معیشت کی بھی حفاظت کر رہے ہیں۔ اسٹاک مارکیٹ کی کامیابی ان معاشی پالیسیوں کا نتیجہ ہے اور ایس آئی ایف سی کے ذریعے معیشت کو بہتر کرنے کیلیے اقدامات ہو رہے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ معیشت کی بہتری کا سفر اب سنبھل چکا ہے۔ قطر اور روسی سرمایہ کار بھی پاکستان میں دلچسپی رکھتے ہیں
گورنر سندھ نے مزید کہا کہ آج خوشی کا دن ہے اور میرے کہنے پر بانی پی ٹی آئی عمران خان بھی اسٹاک مارکیٹ انتظامیہ کو مبارک باد دیں۔ کیونکہ ہم سب نے مل کر پاکستان کی معیشت کو مستحکم کرنا ہے۔