کراچی : گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے مئیر کراچی کے بیان پر اپنا ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ مرتضیٰ وہاب مجھ سے حسد نہ کریں۔
گورنر ہاؤس میں افطار ڈنر کی تقریب کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے گورنر سندھ نے کہا کہ مئیر کراچی مخالفت برائے اصلاح کریں لیکن لوگوں کی محبت دیکھ کر مجھ سے حسد نہ کریں۔
ان کا کہنا تھا کہ زبان خلق سے حسد کی بجائے خدمت سے عوام کا دل جیتنے کی کوشش کریں، میں نے ماہ رمضان میں خود کو سحر و افطارمیں لوگوں کی خدمت کیلئے وقف کر رکھا ہے۔
کامران ٹیسوری نے کہا کہ آج سعودیہ، ایران، عمان اور دیگر ممالک کے قونصل جنرلز کو افطار کرایا، عوام کی خدمت کے ساتھ ثواب حاصل کرنے کا مجھے موقع مل رہا ہے۔
گورنرسندھ کا مزید کہنا تھا کہ میں نے اس ماہ رمضان میں یہ ثابت کیا ہے کہ کراچی کے تمام شہری مجھے یکساں عزیز ہیں، مہاجر ہی نہیں سندھی، پنجابی، بلوچ اور پٹھان سب مجھے اپنا بھائی اور بیٹا سمجھتے ہیں۔
مزید پڑھیں : وفاق سے کراچی کو 100 ارب کیسے ملیں گے؟ گورنر سندھ نے بتا دیا
یاد رہے کہ میئر کراچی نے اپنے بیان میں سوال کیا تھا کہ گورنر صاحب 100 ارب لے کر کب آ رہے ہیں، ہم کام کرنے کیلیے ساتھ کھڑے ہو جائیں؟ وعدے اور اعلان نہیں کراچی کیلیے پیسے چاہئیں۔
انہوں نے کہا کہ مسئلہ تب حل ہوگا جب 100 ارب روپے کے ایم سی کے اکاؤنٹ میں آئیں گے، مجھے پیسے ملیں گے تو گورنر کو سلام پیش کروں گا۔
گورنر سندھ کی جانب سے عید فیسٹیول کا آغاز
واضح رہے کہ گورنر ہاؤس کے باہر بچوں اور فیملیز کے لیے عید فیسٹیول کا میدان سج گیا، گورنر ہاؤس ، ایوان صدر روڈ اور میٹروپول روڈ کو دلہن کی طرح سجا دیا گیا ہے۔
اس موقع پر بچوں کے لیے فری تفریح کے مواقع فراہم کیے گئے ہیں جس میں جمپنگ کیسٹل ، جھولے، ریل گاڑی کے علاوہ خواتین کے لیے مہندی لگانے اور چوڑیوں کے اسٹال بھی لگائے جائیں گے۔
فیسٹیول آج سے عید کی تین دن تک جاری رہے گا، شہریوں کے لیے کھانے پینے کے اسٹال بھی لگائے جائیں گے، عید فیسٹیول تمام شہریوں کے لیے بلکل فری ہے۔