کراچی : گورنر سندھ کامران ٹیسوری کا کہنا ہے کہ بلے کا نشان بیلٹ پیپر پر ہو یا نہ ہو کوئی فرق نہیں پڑتا، بال شیر کے پاس پڑی ہے اب جس میں ہمت ہے لے لے۔
تفصیلات کے مطابق گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے اے آر وائی نیوزسے خصوصی گفتگو میں عام انتخابات سے متعلق کہا کہ بلے کا نشان بیلٹ پیپر پر ہو یا نہ ہو کوئی فرق نہیں پڑتا، اس بار بلے کے پاس بال نہیں اور بنا بال بلا کیا کرے گا، بال شیر کے پاس پڑی نظر آرہی ہے اب جس میں ہمت ہےلے لے۔
لیول پلیئنگ فیلڈ کے حوالے سے کامران ٹیسوری کا کہنا تھا کہ لیول پلیئنگ فیلڈ کے حوالے سے خاص جماعت کونافیور ہے ناہونی چاہیے، قوم آزاد ہے سب کو حق رائے دہی دینے کی آزادی اور حق ہے۔
گورنرسندھ نے پی ٹی آئی سے متعلق کہا کہ بلے والے اگر غلطیاں اور کوتاہیاں نہ کرتے تو وہ موجود ہوتے، اب انکے امیدوار آزاد حیثیت سے کھڑے ہیں، اب فیصلہ عوام نے کرنا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ الیکشن آئین و قانون کے تحت ہونے چاہئیں ، سب سے پہلے ملکی سلامتی ، لوگوں کا اعتماد اور سب کا متفق ہونا ضروری ہے۔
پاک ایران کشیدگی پر گورنر سندھ نے کہا ایران کی جانب سےپاکستانی حدود کی خلاف ورزی کی خبر سفارتخانے سے ملی، خبر ملنے پر ایران کا دورہ مختصر کرکے کراچی پہنچا۔
کامران ٹیسوری کا کہنا تھا کہ ملک کی سلامتی سب سے زیادہ مقدم ہے، ملکی سلامتی اور خودمختاری پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جاسکتا ،پاکستانی افواج اور قوم کی ترجیح ملکی سلامتی ،قومی اداروں کے فیصلے ہیں۔
انھوں کہا کہ افواج پاکستان اور اس کے سپہ سالار کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں ، سپہ سالار جنرل عاصم منیر نے قوم کا سر فخر سے بلند کیا۔