گورنر سندھ کامران ٹیسوری کا کہنا ہے کہ میں کراچی کے شہریوں کا بھائی ہوں کوئی تنگ کرے تو کہنا گورنر ہمارا بھائی ہے۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے افطار ڈنر کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ گورنر ہاؤس میں آنے والے شہری ٹیسوری فیملی کا حصہ ہیں۔
انہوں نے کہا کہ عوام کے لیے آواز اٹھاتا رہوں گا، مجھے دھمکیاں دی گئیں لیکن اس کا کوئی اثر نہیں لیا گیا۔
کامران ٹیسوری نے کہا کہ چاہتا ہوں کہ ہر شہری کی اپنی چھت ہو، 9 لاکھ راشن بیگز تقسیم کیے گئے ہیں، گورنر ہاؤس میں ہونے والے اخراجات میں سرکاری رقم شامل نہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ اس شہر کے مسائل کو ہنگامی بنیادوں پر حل کرنا ہوگا۔ شہر سے جو لوٹا ہوا مال ہے، وہ واپس کرنا ہوگا اور شہریوں کو روشنیاں، روزگار، پانی، گیس، بجلی اور جرائم سے پاک شہر میں جینے کا حق دینا ہوگا۔
گورنر سندھ نے کہا کہ ڈمپر مافیا کے ہاتھوں روزانہ شہری ٹریفک حادثات کا شکار ہورہے ہیں۔ مجھے سنگین دھمکیاں ملی ہیں، میں پھر بھی عوام کے ساتھ موجود ہوں۔ عوام کی بات کرنے پر کوئی ہٹاتا ہے تو سو بار ہٹا دے۔
انہوں نے کہا کہ اگر کسی کو شکایت ہے تو گورنر ہاؤس کے باہر ایک بیل لگی ہے، اس کو بجا کر دیکھیں اور کوئی پوچھے تو بتایا جائے کہ گورنر کا بھائی ہوں۔