کراچی: سندھ کا اگلا گورنر کون ہوگا؟ اس سلسلے میں ایم کیو ایم قیادت نے حتمی 5 نام وزیر اعظم شہباز شریف کو ارسال کر دیے۔
ذرائع کے مطابق گورنر سندھ کے نام پر مسلم لیگ ن کا ایم کیو ایم قیادت سے رابطہ ہوا جس کے بعد کنوینئر ایم کیو ایم نے رابطہ کمیٹی سے مشاورت کر کے پانچ نام وزیر اعظم شہباز شریف کو بھجوا دیے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ رابطہ کمیٹی سے حتمی رائے لینے کے بعد ناموں کی فہرست شہباز شریف کو بھجوائی گئی ہے۔
ایم کیو ایم ذرائع نے بتایا کہ گورنر سندھ کے لیے ایم کیو ایم کی جانب سے عامر خان، وسیم اختر، نسرین جلیل، کشور زہرہ اور عامر چشتی کے نام وزیر اعظم کو ارسال کیے گئے ہیں، اور ان ناموں پر رابطہ کمیٹی کے ہر رکن سے رائے لی گئی ہے۔
یاد رہے کہ گزشتہ ماہ وفاقی حکومت نے ایم کیو ایم سے گورنر سندھ کے لیے نام مانگے تھے، جس پر ایم کیو ایم نے وفاقی حکومت سے وقت مانگ لیا تھا، اس وقت ذرائع کا کہنا تھا کہ عامر خان، فروغ نسیم اور نسرین جلیل کے ناموں پر غور کیا جا رہا ہے۔ اب ذرائع کا کہنا ہے کہ گورنر سندھ کے لیے مشاورت میں شامل فروغ نسیم نے اپنا نام خود واپس لے لیا تھا۔
سابق گورنر سندھ عمران اسماعیل کا استعفیٰ 18 اپریل کو منظور ہوا تھا، جس کے بعد سے اسپیکر سندھ اسمبلی آغا سراج درانی قائم مقام گورنر سندھ کے فرائض انجام دے رہے ہیں۔