کراچی : گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد خان کے بھائی عامرالعباد نے واجبات کی عدم ادائیگی اور دھمکیاں دینے کیخلاف متحدہ قومی موومنٹ کے رہنمااور سابق وزیررؤف صدیقی سمیت دیگر کیخلاف درخواست دائر کردی ہے۔
جسے کراچی کی مقامی عدالت نے سماعت کیلئے منظور کرلیا ہے، مقامی عدالت میں دائر کی جانیوالی درخواست میں کہا گیا ہے کہ حبیب بینک چورنگی پر تعمیر کئے گئے افضاء الطاف پل پر نصب کی جانیوالی سولر لائٹ سسٹم کے واجبات ادا نہیں کئے گئے۔
اس سلسلے میں جب انہوں نے رؤف صدیقی ،رضا عابدی اور شائق سے رابطہ کیا تو انھوں نے واجبات ادا کرنے کے بجائے کہا کہ رقم پارٹی فنڈ میں جمع کرائی جاچکی ہے۔
درخواست گزار کا کہنا ہے کہ انہیں دھمکیاں بھی دی جارہی ہیں لہٰذا ان افراد کیخلاف مقامی تھانے کو ایف آئی آر کے اندراج کیلئے ہدایات جاری کی جائیں۔
تازہ ترین اطلاعات کے مطابق مقامی عدالت نے عامرالعباد کی جانب سے دائر کی گئی درخواست سماعت کیلئے منظور کرلی ہے اور ان کے وکیل کو حکم دیا ہے کہ وہ نو اکتوبر کو عدالت میں پیش ہوکر دلائل دیں۔