کراچی : گورنرسندھ محمدزبیر نے کہا ہے کہ ایک طرف کرپشن کیخلاف باتیں تو دوسری طرف نیب کا متعصب بل سندھ اسمبلی سے منظور کیا جارہا ہے، پیچھے سے بیٹھ کر مائنس پلس کا کھیل بند ہونا چاہئیے، سندھ کےعوام کےمسائل حل کروں گا۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے کراچی میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا، انہوں نے کہا کہ کیا صوبہ سندھ کرپشن سے پاک ہوگیا ہے جو اسمبلی ایسے بل پاس کیے جارہے ہیں؟ وزیراعظم نواز شریف نےکبھی نیب کے خلاف بات نہیں کی،
ان کا کہنا تھا کہ سندھ جیساقانون پنجاب میں بھی منظور کیا جاسکتا ہے لیکن نہیں کیا گیا کیونکہ موجودہ حکومت کبھی نیب کو تابع نہیں رکھناچاہتی۔
وزیر اعظم کے استعفے سے متعلق انہوں نے کہا کہ مائنس کرنے کا فیصلہ عوام کا ہے، وزیراعظم کے استعفے کی بات نہیں کرنی چاہئیے، مائنس کس کو ہونا چاہیے یا کس کو نہیں، یہ عوام کی مرضی کا فیصلہ ہے، عوام جس کو مسترد کریں گے وہ ویسے ہی مائنس ہوجائےگا، پیچھے سے بیٹھ کر مائنس پلس کا کھیل بند ہونا چاہئیے۔
مزید پڑھیں: سندھ اسمبلی میں نیا احتساب بل کثرت رائے سے منظور
گورنرسندھ محمدزبیر نے مزید کہا کہ رینجرزکراچی میں موجودگی بہت ضروری ہے، رینجرزکی موجودگی میں عوام اور سرمایہ دار خود کو محفوظ تصور کرتے ہیں۔
کراچی والوں نے بہت مشکل دور دیکھا ہے،اب عوام کو ریلیف دینے کا وقت آگیا ہے، انہوں نے کہا کہ کراچی میں 15سال تک خون بہتارہا، ہم نے کراچی کے امن کو دوبارہ بحال کیا، گورنر سندھ نے اس عزم کا اظہار کیا کہ سندھ کےعوام کے مسائل حل کروں گا۔