کراچی : گورنر ہاؤس کے ترجمان نے ایک بے سروپا پارٹی کے سربراہ مصطفی کمال کے گورنر سندھ ڈاکٹرعشرت العباد خان سے متعلق الزامات کو بے بنیاد ، گمراہ اور من گھڑت قرار دیا ہے۔ جبکہ گورنرسندھ کا کہنا ہے کہ ان کاذہنی توازن درست نہیں۔ مصطفی کمال استعمال شدہ کارتوس ہیں۔
تفصیلات کے مطابق پاک سرزمین پارٹی کے سربراہ مصطفیٰ کمال کی جانب سے گورنر سندھ پر الزامات کے بعد ترجمان گورنر ہاؤس نے کہا ہے کہ ان الزامات کے برعکس گورنر کا کردار عوام کے سامنے ہے اورہرطبقے سے انہیں بے انتہا عزت اور پزیرائی حاصل ہے۔
ترجمان نے کہا کہ مصطفیٰ کمال کے تمام بیانات اور ان کی پریس کانفرنسوں کا جائزہ لیا جائے تو وہ انتہائی ذہنی دباؤ اور تضادات کا شکار نظر آتے ہیں، ان کی بائی پالر شخصیت کے مدنظر اگر انہیں کسی ڈاکٹر سے علاج کی ضرورت ہے تو بہترین ماہر نفسیات تجویز کیا جاسکتا ہے، ایک ان گائیڈڈ میزائل اور استعمال شدہ کارتوس کو اس ہی کیفیت سے دوچار ہونا تھا۔
ترجمان نے کہا کہ شاید تواتر کے ساتھ ناکامیوں نے انہیں اس ذہنی سطح تک پہنچادیا ہے۔ ترجمان نے واضح کیا کہ گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد خان نے ہمیشہ میرٹ، شفافیت اور عوام کی فلاح کو یقینی بنایا ہے اور آج بھی قومی و بین الاقوامی سطح پر انہیں پزیرائی حاصل ہے۔
علاوہ ازیں گورنرسندھ ڈاکٹر عشرت العباد خان نے مصطفیٰ کمال کے الزامات مسترد کردیئے۔ اے آروائی نیوز سے خصوصی گفتگو میں انہوں نے کہا کہ لگتا ہے مصطفیٰ کمال کا ذہنی توازن درست نہیں ہے۔ وہ ایک استعمال شدہ کارتوس ہیں، ناکامیوں نے ان کی ذہنی سطح کو اس حد تک پہنچادیا۔
اسی سے متعلق : عشرت العباد کرپٹ ترین گورنر ہیں،مصطفیٰ کمال