کراچی : نومنتخب گورنر سندھ عمران اسماعیل نے بچے پر تار گرنے کا نوٹس لیتے ہوئے متاثرہ بچے کو علاج کی سہولت فراہم کرنے کی ہدایات جاری کردیں۔
تفصیلات کے مطابق عمران اسماعیل نے گورنر سندھ منتخب ہونے کے بعد احسن آباد میں 8 برس کے بچے پر تار گرنے کا پہلا نوٹس لیتے ہوئے کمشنر کراچی سے واقعے وضاحت طلب کرلی۔
گورنر سندھ عمران اسماعیل نے 8 سالہ بچے عمر کے بازو ضائع ہونے پر کے الیکٹرک کے حکام سے تار گرنے کی وضاحت طلب کی ہے، جبکہ ساتھ ساتھ کمشنر کراچی سے واقعے کی وضاحت طلب کرتے ہوئے متاثرہ بچے کو علاج معالجے کی تمام سہولتیں فرام کرنے کی ہدایات جاری کردی۔
یاد رہے کہ احسن آباد میں کے الیکٹرک کی لاپرواہی کے باعث بجلی کے تار گرنے سے بچے کے دو نوں بازو ضائع ہوچکے ہیں جسے ڈاکٹرز نے آپریشن کے بعد کاٹ کر جسم سے علیحدہ کردیا ہے، بچے کے ساتھ المناک حادثہ پیش آنے کی وجہ سے والدین غم سے نڈھال ہیں۔
برنس سینٹر کے انچارج ڈاکٹر احمر کا کہنا ہے کہ ہم نے بہت کوشش کی لیکن عمر کے بازو نہ بچا سکے، عمر کے دونوں بازو بری طرح جھلس چکے تھے، جنہیں کاٹنے کے سوا کوئ چارہ نہ تھا۔
متاثرہ بچے کے والدین کی جانب سے کے الیکٹرک کی لاپرواہی پر ادارے کے خلاف بھرپور قانونی چارہ جوئی کرنے کا اعلان کیا ہے۔
کے الیکٹرک کے ترجمان نے کنڈے کے تار سے 8 سالہ عمر کے بازو ضائع ہونے پر مؤقف دیتے ہوئے کہا ہے کہ واقعے پر بے حد افسوس ہے، فیملی سے دلی ھمدردی رکھتے ہیں اور بچے کی صحتیابی کیلیے دعاگو کیے ہیں۔
کے الیکٹرک کے ترجمان کا کہنا ہے کہ معماملے کو سنجیدگی سے دیکھ رہے ہیں اور متاثرہ خاندان کے ساتھ ہر ممکن تعاون کرنے کے لیے تیار ہیں۔