اسلام آباد: گورنر اسٹیٹ بینک ڈاکٹر رضا باقر نے اپنے عہدے کا چارج سنبھال لیا، ڈاکٹر رضا باقر کو صدر پاکستان عارف علوی نے 3 سال کے لیے گورنر اسٹیٹ بینک مقرر کیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق ڈاکٹر رضا باقر نے گورنر اسٹیٹ بینک کے طور پر اپنے عہدے کا چارج سنبھال لیا، وہ 18 سال آئی ایم ایف اور 2 سال ورلڈ بینک میں کام کا تجربہ رکھتے ہیں۔
رضا باقر 2017 سے مصر میں آئی ایم ایف آفس سربراہ اور سینئر ریزیڈنٹ نمائندے تھے، رومانیہ اور بلغاریہ میں آئی ایم ایف کے مشن چیف رہ چکے ہیں۔
ڈاکٹر رضا باقر آئی ایم ایف کے قرضہ پالیسی ڈویژن چیف بھی رہ چکے ہیں، ان کے تحقیقی مقالے متعدد بین الاقوامی جریدوں میں شایع ہوئے۔
یہ بھی پڑھیں: سابق گورنراسٹیٹ بینک طارق باجوہ کوکیوں ہٹایا گیا، اصل وجوہات سامنے آگئیں
جرنل آف پولیٹیکل اکانومی اور کوارٹرلی جنرل آف اکنامکس میں ڈاکٹر رضا باقر کے متعدد تحقیقی مقالے شایع ہوچکے ہیں، انھوں نے کیلی فورنیا یونی ورسٹی، برکلے سے معاشیات میں پی ایچ ڈی ڈگری حاصل کی اور ہارورڈ سے معاشیات میں اے بی (میگنا کم لاڈ) کی اسناد حاصل کیں۔
یاد رہے کہ حکومت پاکستان نے ڈاکٹر رضا باقر کو گورنر اسٹیٹ بینک تعینات کرنے کا نوٹی فکیشن گزشتہ روز جار ی کیا تھا۔
گزشتہ روز حکومت نے معاشی صورت حال کے پیش نظر گورنر اسٹیٹ بینک طارق باجوہ اور چیئرمین ایف بی آر جہانزیب خان کو عہدوں سے ہٹایا تھا جس کے بعد دونوں اہم نشستیں خالی ہوئی تھیں۔