ممبئی: معروف بالی وڈ اداکار گووندا نے انکشاف کیا ہے کہ ان کو فلم انڈسٹری سے دور رکھنے کیلیے سازش کی گئی۔
انڈین میڈیا کی رپورٹس کے مطابق 90 کی دہائی کے سُپر اسٹار فلم انڈسٹری سے دور ہیں اور گزشتہ چھ سالوں میں وہ کسی فلم میں بڑی اسکرین پر جلوہ گر نہیں ہوئے، تاہم وہ کبھی کبھار ریئلٹی ٹی وی شوز اور خصوصی تقریبات میں بطور مہمان ضرور نظر آتے ہیں۔
حالیہ انٹرویو میں گووندا نے کہا کہ جب میرے بارے میں لکھا جا رہا تھا کہ میرے پاس پاس کام نہیں تو درحقیقت میں 100 کروڑ کی فلموں کی پیشکش ٹھکرا چکا تھا، انکار کرنے پر میں آئینے میں دیکھ کر خود کو تھپڑ مارتا اور کہتا ’تم پاگل ہوگئے ہو؟ تم اس رقم سے خود کو فائندہ دے سکتے تھے‘، فلموں میں اسی قسم کے کردار تھے جو آج کل اچھے کام کر رہے ہیں۔
گووندا کے مطابق انہوں نے سیاست میں اُس وقت شمولیت اختیار کی جب فلم انڈسٹری کے لوگوں نے ان کے خلاف سازش کرنا شروع کی۔
وہ کہتے ہیں کہ مجھے بدنام کیا گیا اور یہ سب پہلے سے طے شدہ تھا، وہ مجھے انڈسٹری سے نکالنا چاہتے تھے، میں سمجھ گیا تھا کہ یہ سب پڑھے لکھے لوگ ہیں اور میں ایک ان پڑھ آدمی ہو جو ان کی جگہ لے رہا ہوں تو انہوں نے میرے ساتھ کھیل کھیلنا شروع کر دیا۔
انہوں نے بتایا کہ جب میرے خلاف سازشیں شروع ہوئیں تو میری جان پر بھی حملے شروع ہو گئے تھے، میرے گھر کے باہر بہت سے لوگ بندوقوں کے ساتھ پکڑے گئے اور مجھے ختم کرنے کے مختلف طریقے آزمائے گئے، ان سازشوں کے بعد میں بدل گیا، میں نے سوچا کہ میں سیاست میں شامل ہوں یا نہ ہوں، حالات ایسے ہی ہوتے ہیں۔