اسلام آباد: وفاقی حکومت نے عیدالضحیٰ کی مناسبت سے ملک بھر میں تین روز کی سرکاری تعطیلات دینے کا اعلان کردیا۔
وفاقی حکومت کی جانب سے جاری نوٹی فکیشن کے مطابق ملک بھر کے نجی و سرکاری ادارے21 سے 23 اگست تک بند رہیں گے اور 24 اگست سے معمول کے مطابق امور انجام دیں گے۔
قبل ازیں وفاقی حکومت کی جانب سے سرکاری تعطیلات کی سمری وزارتِ داخلہ کو ارسال کی گئی تھی جس میں 21 سے 24 اگست تک 4 چھٹیاں دینے کی سفارش کی گئی تھی۔
وزارتِ داخلہ نے حکومت کی جانب سے بھیجی جانے والی سمری کو مسترد کرتے ہوئے 21 سے 23 تک تین روزہ سرکاری تعطیلات دینے کا اعلان کیا۔
مزید پڑھیں: ذوالحج کا چاند نظر آگیا، عیدالاضحیٰ22اگست بروز بدھ کو ہوگی
خیال رہے کہ ذوالحج کا چاند 12 اگست کو نظر آیا جس کے بعد ملک بھر میں عید الاضحیٰ کا پہلا روز 22 تاریخ اگست بروز بدھ کو منایا جائے گا، حکومت نے عید قرباں سے ایک دن قبل بھی عوام کو چھٹی کی سہولت مہیا کی، حکومتی اعلان کے تحت سرکاری و نجی دفاتر اور تعلیمی ادارے عید کے تیسرے روز 24 اگست جمعے سے معمول کے مطابق کھلیں گے۔
سرکاری اداروں اور نجی بینک میں کام کرنے والے ملازمین 24 اگست کو حاضری دینے کے بعد 25 اور 26 اگست کو ہفتہ وارتعطیل کی سہولت کا فائدہ بھی اٹھائیں گے۔
دوسری جانب وفاقی حکومت نے سرکاری ملازمین کی سہولت کے لیے عید الاضحی سے پہلے تنخواہوں اور ریٹائرڈ ملازمین کی پینشنز 17 تاریخ تک ادا کرنے کا حکم جاری کرتے ہوئے اکاؤنٹنٹ جنرلز کو سرکلر جاری کیا۔
یہ بھی پڑھیں: عیدالاضحی پر 5 اسپیشل ٹرینیں چلانے کا اعلان
اسے بھی پڑھیں: سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات میں عید الاضحیٰ کی چھٹیوں کا اعلان کردیا گیا
نگراں وزیر خزانہ کے مطابق وفاقی حکومتی وسول آرمڈ فورسز کو پینشن اور تنخواہ ایڈوانس دی جائے گی، حکومت کی جانب سے یہ فیصلہ ملازمین کو قربانی کرنے اور عید کی خوشیاں منانے کی سہولت کے پیش نظر کیا گیا۔