اسلام آباد:وفاقی حکومت نے جشن عید میلاد النبی ﷺ کے موقع پر چاروں صوبوں کے گورنر ہاؤسز کو عوام کے لیے کھولنے کا اعلان کردیا۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اور سینیٹر فیصل جاوید نے جشنِ عید میلاد النبی ﷺ کی تیاریوں کے حوالے سے ٹویٹ کیا اور بتایا کہ تمام اقدامات وزیر اعظم عمران خان کی ہدایت پر اٹھائے گیے ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ عمران خان کی ہدایت پر جشن عید میلاد النبی ﷺ کے موقع پرگورنرہاؤسز،عمارتوں، گلیوں میں برقی قمقموں سے سجاوٹ کی جارہی ہے۔
سینیٹر فیصل جاوید خان نے لکھا کہ روں سال جشنِ عید میلاد النبی ﷺ تاریخی انداز میں عقیدت و احترام کے ساتھ منایا جائے گا، مرکزی تقریب کنونشن سینٹر میں منعقد کی جائے گی۔
اس سلسلے میں مرکزی تقریب 12 ربیع الاول کو کنونشن سینٹر اسلام آباد میں منعقد کی جائے گی- سیرت النبی ﷺ پر مبنی ڈاکومنٹری، نعتیہ اور حمدیہ کلام پیش کیے جائیں گے- وزیراعظم اس تقریب سے خطاب بھی کریں گے – #عشرہ_شان_رحمت_اللعالمین
— Faisal Javed Khan (@FaisalJavedKhan) October 16, 2021
انہوں نے بتایا کہ عید میلاد النبی ﷺ کی مناسبت سے 12 ربیع الاول کے روز تمام گورنر ہساؤسز کو عوام کے لیے کھولا جائے گا، جہاں اُن کے لیے کھانے کا بندوبست بھی کیا جائے گا۔
سینیٹر فیصل جاوید خان نے بتایا کہ کنونشن سینٹر میں منعقد ہونے والی تقریب سے وزیراعظم عمران خان خطاب کریں گے جبکہ سیرت النبی ﷺپر مبنی ڈاکومنٹری، نعتیہ اورحمدیہ کلام بھی پیش کیے جائیں گے۔
یاد رہے کہ حکومت نے رواں سال ولادت النبی ﷺ کو بھرپور انداز سے منانے کا اعلان کرتے ہوئے، دو ربیع الاول سے 12 ربیع الاول تک عشرۃ رحمت اللعالمین ﷺ منانے کا اعلان کیا ہے۔
دس اکتوبر کو وزیر اعظم عمران خان نے اسلام آباد میں منعقد ہونے والی رحمت اللعالمین ﷺ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے رحمت اللعالمین اتھارٹی کے قیام کا اعلان کیا اور کہا تھا کہ ہم اس کے ذریعے سیرت نبی ﷺ بچوں اوربڑوں کو پڑھانے کا طریقہ کار طے کریں گے۔