اسلام آباد : حکومت نے الیکٹرک وہیکل کے چارجنگ اسٹیشنز کیلئے بجلی سستی کا اعلان کر دیا اور چارجنگ اسٹیشن کا ٹیرف 71.10 روپے سے کم کرکے 39.70روپے کر دیا۔
تفصیلات کے مطابق وزیر توانائی اویس لغاری نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ الیکٹرک وہیکلز کو فروغ دینے کیلئے اقدامات کررہے ہیں، الیکٹرک وہیکل کے چارجنگ اسٹیشنز کیلئے بجلی سستی کررہے ہیں ، مقصد شہریوں کو ایندھن سے الیکٹرک گاڑیوں پرمنتقل کرنا ہے۔
وزیر توانائی کا کہنا تھا کہ چارجنگ اسٹیشن لگانے کی اجازت 15 دن میں ملے گی، آپ 18 سے 20 لاکھ روپے تک میں کاروبارکرسکتے ہیں اور آپ گلی محلے میں چھوٹا چارجنگ اسٹیشن لگا سکتے ہیں۔
سرداراویس لغاری نے کہا کہ چارجنگ اسٹیشن کے ٹیرف میں 45فیصد کی کمی کررہےہیں ، چارجنگ اسٹیشن کو 71 روپے فی یونٹ کا ٹیرف کم کررہے ہیں اور چارجنگ اسٹیشن کیلئے بجلی فی یونٹ 29 روپے کی کم کر رہے ہیں، اگر الیکٹرک موٹر سائیکل پر شفٹ ہوں گے تو 100 روپےسےبھی کم خرچہ آئیگا۔
انھوں نے بتایا کہ 800 سی سی الیکٹرک گاڑی کے استعمال پر 600 روپے کی بچت ہوسکتی ہے، ہمارا بجلی کی قیمت کم کرنےکا سفر رواں دواں ہے۔
وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ وزیراعظم کی زیر صدارت اجلاس میں پٹرول اور ڈیزل کے استعمال سے نقصان کا جائزہ لیا ، گلی محلوں میں موٹرسائیکل ، رکشے چارج کرنے کیلئے الیکٹرک اسٹیشن موجود نہیں، بجلی قیمت کم کرنے سے گلی محلوں میں چارجنگ اسٹیشنز کھل سکیں گے، چارجنگ اسٹیشن کا ٹیرف 71 روپے سے کم کر کے 39 روپے مقرر کیا گیا ہے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ پاور ڈویژن ملک کے بجلی کے مسائل کو کم کرنے کیلئے کام کر رہی ہے، چارجنگ اسٹیشن کے قیام سے چھوٹے سرمایہ کاربھی اپنا کام شروع کر سکیں گے، موٹر سائیکل، رکشہ ،چھوٹی گاڑیوں والوں کے ماہانہ اخراجات میں 3 گنا کمی آئے گی۔
وزیر توانائی نے کہا کہ عوام حکومت کی الیکٹرک پالیسی سے بہت فائدہ اٹھائیں گے، چارجنگ اسٹیشن کو سستی بجلی ملنے سے الیکٹرک گاڑیوں کی صنعت آگے بڑھے گی۔