اسلام آباد : شہباز حکومت نے بار کونسلز کو عمران خان کی حمایت سے روکنے کیلئے خرانے کے منہ کھول دیے اور بیس کروڑ کی سپلیمنٹری گرانٹ دینے کا فیصلہ کرلیا۔
تفصیلات کے مطابق شہبازحکومت عمران خان کی مقبولیت سے خوفزدہ ہے ، وکلاء تنظیموں، بارکونسلز اورایسوسی ایشنزکی جانب سے چیئرمین پی ٹی آئی کی حمایت کے بعد حکومت وکلاء پر مہربان ہوگئی۔
حکومت نے بارکونسلز کو عمران خان کی حمایت سے روکنے کیلئے خرانےکےمنہ کھول دیے۔
حکومت نے بار کونسلز اور ایسوسی ایشن کے لیے بیس کروڑ کی سپلیمنٹری گرانٹ دینے کا فیصلہ کرلیا ، فنڈز کی منظوری آج ای سی سی اجلاس میں دی جائے گی۔
وفاقی وزیرخزانہ مفتاح اسماعیل کی زیر صدارت کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی کا اجلاس آج شام چار بجے اسلام آباد میں ہوگا، ایجنڈے کے مطابق بار کونسلز اور ایسوسی ایشن کو وزارت قانون و انصاف کے ذریعے دو سو ملین روپے دیے جائیں گے۔
اس حوالے سے تحریک انصاف کے رہنما ڈاکٹر شہباز گل نے اے آر وائی نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ یہ وکلا پرکیسزنہیں بناسکتے ، پورے ملک کی بارز امپورٹڈ حکومت کے خلاف متحد ہے، وکلا اس حقیقی آزادی کی تحریک میں ہمارے ساتھ ہیں۔۔ اسی لیے حکومت اب پیسہ چلارہی ہے۔
شہباز گل کا کہنا تھا کہ لوگوں کو خریدنا ن لیگ کا پرانا وتیرہ ہے، یہ لوگ جتنےمرضی خزانے کےمنہ کھول لیں ان کوحمایت نہیں ملنےوالی ، ان کے دن گنے جاچکے ہیں۔