لاہور : پنجاب حکومت نے پرائیوٹ اسکول والوں کے لئے بڑا حکم جاری کردیا ، جس سے والدین کی بڑی مشکل حل ہوگئیں۔
تفصیلات کے مطابق پنجاب حکومت نے پرائیوٹ اسکولز کو ہدایت جاری کی ہے کہ اسکول والوں کو بچوں کو گھر سے لانے اور واپس چھوڑنے کیلئے ٹرانسپورٹ خریدنا ہوگی۔
سیکرٹری اسکول ایجوکیشن خالد نذیر وٹو کا کہنا ہے کہ تمام بڑی اسکول چینز تیرہ جنوری تک لازمی بسیں خریدیں، بسیں نہ خریدنے والے اسکولوں کیخلاف کارروائی ہوگی۔
پنجاب وزارت تعلیم کے مطابق موسم سرما کی چھٹیوں کے بعد بچوں کو بسوں میں پک اینڈ ڈراپ دی جائےگی اور بسوں کی خریداری کے معاملے پر اسکولوں کو کوئی رعایت نہیں دی جائے گی۔
اس موقع پر پرائیویٹ اسکولز ایسوسی ایشن کی جانب سے تحفظات کا اظہار کیا جارہا ہے۔
دوسری جانب لاہور ہائی کورٹ میں اسموگ تدارک کیس کی گزشتہ سماعت کا تحریری فیصلہ جاری کردیا، جس میں پرائیویٹ اسکولوں کو طلبا کے لیے بسوں کا انتظام کرنے کے لیے اقدامات کی ہدایت کی گئی ہے۔
فیصلے میں کہا گیا ہے کہ جو اسکول عمل نہیں کرے گا اس کی رجسٹریشن معطل کر دی جائے، سرکاری وکیل نے بتایا وزیراعلیٰ کو پرائیویٹ اسکولز رولز میں ترمیم کی سمری بھجوا دی گئی ، رولز میں ترمیم کرکے اسکول بس لازمی قرار دی جائے گی۔