کراچی: پیپلزپارٹی کے رہنماء وقار مہدی نے کہا ہے کہ بانی ایم کیو ایم کے مودی سے مدد مانگنے کے بیان پر حکومت نے ابھی تک بیان کی مذمت نہیں کی جبکہ پی پی قیادت ایسے بیانات کی مذمت کرچکی ہے۔
تفصیلات کے مطابق پیپلزپارٹی اقلیتی ونگ کےزیر اہتمام کورنگی میں جلسہ منعقد کیا گیا، جس میں پی پی کے سینئر وزیر نثارکھوڑو، وقارمہدی، سینیٹر سعیدغنی، رکن قومی اسمبلی شاہ جہاں بلوچ اور نویداینتھونی نے شرکت کی۔
شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے پی پی کے سنیئر وزیر نثار کھوڑو نے کہا کہ پرویز مشرف کے بغل بچوں نے کراچی کو تباہ کردیا جبکہ پی پی نے مسائل حل کرنے کے لیے کورنگی کو نیا ضلع بنایا تاکہ عوامی مسائل فوری حل ہوں۔
انہوں نے کہا کہ پیپلزپارٹی شہید بی بی کی تعلیمات کے مطابق عوامی خدمت کا جذبہ رکھتی ہے یہی وجہ ہے کہ عوامی سطح پر ہماری مقبولیت میں اضافہ ہوتا جارہا ہے، نوجوان بلاول بھٹو کو وزیر اعظم کی کرسی پر بیٹھا کر دم لیں گے۔
سینیٹر سعید غنی نے کہا کہ ’’پی پی ملک کی واحد جماعت ہے جو اقلیتوں کے حقوق کی جنگ لڑ رہی ہے، ہم اقلیتی برادری کے حقوق کی جنگ کے مقاصد حاصل ہونے تک اپنی جدوجہد بلاول بھٹو کی سربراہی میں جاری رکھیں گے‘‘۔
پی پی کراچی ڈویژن کے سنیئر رہنماء وقار مہدی نے بانی ایم کیو ایم کے حالیہ بیان کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ ’’حکومت کی جانب سے ابھی تک کوئی مذمتی بیان تک سامنے نہیں آیا، جو قابل تشویش ہے‘‘۔