لاہور: تحریک انصاف پنجاب کے آرگنائزر چوہدری سرور نے کہا ہے کہ الیکشن کمیشن نے این اےایک سو بائیس کے انتخاب سے پہلے پی ٹی آئی اور ن لیگ کو بالکل مختلف ووٹر لسٹیں فراہم کیں۔
نارووال کی اہم شخصیات کی تحریک انصاف میں شمولیت کے موقع پر لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے چوہدری سرور نے کہا کہ دونوں پارٹیوں کو فراہم کی گئی ووٹر لسٹوں میں ووٹروں کی تعداد بالکل مختلف تھی،ووٹر لسٹوں میں ردو بدل کے خلاف حکومت اور الیکشن کمیشن نے کارروائی نہ کی تو جلد آل پارٹیز کانفرنس بلائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ چیف الیکشن کمشنر پر یقین ہے کہ وہ حقائق کا نوٹس لیتے ہوئے ذمہ داروں کو سامنے لائیں گے چوہدری سرور کا کہنا تھا کہ ن لیگ میں کچھ لوگ صرف یہی سوچتے ہیں کہ دھاندلی کا نیا طریقہ کیسے نکالا جائے۔
پی ٹی آئی رہنما چوہدری سرور کا مزید کہنا تھا کہ الزام غلط ثابت ہوا تو سیاست سے الگ ہوجاؤں گا۔