روم: اٹلی کی حکومت نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ فیس بک پر 11 لاکھ تیس ہزار روپے کا جرمانہ عائد کردیا۔
غیر ملکی خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق اٹلی کے سرکاری ادارے نے شہریوں کا ڈیٹا دوسری کمپنیوں کو فروخت کرنے اور اُس کی حفاظت نہ کرنے پر کمپنی کو جرمانے کی سزا سنائی۔
جمعے کے روز حکام کی جانب سے اعلامیہ جاری کیا گیا جس میں اُن کا کہنا تھا کہ فیس بک نے صارفین کے ساتھ آئی ڈی بنانے کے دوران دھوکا کیا اور بغیر اجازت اُن کی تفصیلات کمرشل معاملات کے لیے استعمال کی۔
مزید پڑھیں: فیس بک صارفین کو سالوں پرانے پیغامات دوبارہ موصول ہونے کی شکایت
اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ کمپنی نے دھوکا دہی کے ذریعے صارفین کا ڈیٹا دوسری کمپنیوں کو فروخت کیا جبکہ فیس بک نے سوشل میڈیا استعمال کرنے والوں کو یقین دہانی کروائی تھی کہ اُن کا ڈیٹا کسی غلط کام کے لیے استعمال نہیں کیا جائے گا۔
فیس بک کو یہ بھی تنبیہ کی گئی ہے کہ وہ فوری طور پر متعلقہ ادارے کو آگاہ کرے کن کمپنیوں کو صارفین کا ڈیٹا فراہم کیا گیا ہے۔
دوسری جانب فیس بک کے نمائندے نے کمپنی کے اوپر عائد ہونے والے جرمانے اور الزام کو مسترد کردیا۔
یہ بھی پڑھیں: فیس بک نے ایک ارب پانچ کروڑ اکاؤنٹس بلاک کردیے
یاد رہے کہ فیس بک کو ڈیٹا بریج کے حوالے سے گزشتہ کئی ماہ سے مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے، امریکا کے علاوہ برطانوی حکومت نے بھی کمپنی کو نوٹس جاری کیا تھا جس کے بعد فیس بک نے اپنی صفائی دی تھی۔