اسلام آباد: وفاقی وزیر برائے سائنس اینڈ ٹیکنالوجی فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ فرانسیسی کمپنی سے پاکستان کو ایک ملین ماسک کی تیاری کا پہلا آرڈر مل گیا۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان کی ’’میڈان پاکستان‘‘مہم میں بڑی پیشرفت سامنے آئی ہے۔حکومت نے میڈ ان پاکستان طبی سامان کی ایکسپورٹ پر کام تیز کر دیا۔
وفاقی کابینہ نے تیار کیے گئے ہینڈ سینیٹائزرز برآمد کرنے کی منظوری دی ہے، ہینڈ سینیٹائزرز یورپی ممالک کو ایکسپورٹ کیے جائیں گے۔فرانیسی کمپنی سے پاکستان کو ایک ملین ماسک کی تیاری کا پہلا آرڈر بھی مل گیا۔
وفاقی وزیر برائے سائنس اینڈ ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے ماسک کا آرڈر ملنے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ فیصل آباد کی 2 ملوں کو ماسک کی تیاری کا آرڈر دیا گیا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ مقامی طور پر تیار سینیٹائزر امریکا،یورپی ممالک تک ایکسپورٹ ہوسکیں گے،میڈ ان پاکستان مہم عالمی سطح پر کامیابی حاصل کرے گی۔
فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ کسی بھی ملک کا مستقبل اب سائنس وٹیکنالوجی کے ساتھ وابستہ ہے،وزیراعظم اور آرمی چیف کی مشترکہ کوشش نہ ہوتی تو یہ کام نہ ہوتا۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ وزیراعظم،آرمی چیف،چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی نے مدد کی،ریسرچ اینڈ ڈیولپمنٹ کے لیے سول ملٹری انٹر فیس بنایا جا رہاہے،امریکا،اسرائیل، چین کی طرز پر سول ملٹری ریسرچ میکنزم بنا رہے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ صرف ڈیڑھ ماہ میں پاکستان کو کئی ملین ڈالرز کا فائدہ ہوا،پاکستان میں ٹیکنالوجی اینڈ سائنس کو مزید تقویت ملے گی۔