اسلام آباد : حکومت نے چیف جسٹس آف پاکستان کی تنخواہ میں 2 لاکھ 4 ہزار864 روپے اضافہ کردیا ، جس کے بعد تنخواہ 12لاکھ 29 ہزار 189 روپے ہوگئی۔
تفصیلات کے مطابق حکومت کی جانب سے سپریم کورٹ کے ججوں کی تنخواہوں میں 20 فیصد اضافہ کردیا گیا ، قائم مقام صدر صادق سنجرانی نے سپریم کورٹ کے ججز کی تنخواہوں سے متعلق آرڈیننس جاری کردیا۔
آرڈیننس کے تحت چیف جسٹس آف پاکستان کی تنخواہ میں 2لاکھ 4 ہزار 864 روپے اضافہ ہوا اور چیف جسٹس آف پاکستان کی تنخواہ 12لاکھ 29 ہزار 189 روپے مقرر کردی گئی۔
آرڈیننس میں بتایا گیا کہ سپریم کورٹ کے جج کی تنخواہ میں ایک لاکھ 93 ہزار 527 روپے کا اضافہ کیا گیا ، جس کے بعد سپریم کورٹ کے جج کی تنخواہ 11 لاکھ 61 ہزار 163روپے ہوگی،
وزارت قانون نے قائم مقام صدر مملکت کی منظوری کے بعد سپریم کورٹ کےججزکی تنخواہوں سے متعلق آرڈیننس جاری کیا ، آرڈیننس یکم جولائی سےنافذ العمل ہوگا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ اس سے قبل چیف جسٹس پاکستان کی تنخواہ 10لاکھ 24 ہزار 324 روپے اور سپریم کورٹ جج کی تنخواہ 9 لاکھ 67 ہزار 636 روپےتھی۔