لاہور:شاعر و مصنف اور اداکار وصی شاہ کہنا ہے کہ حکومت دیہاتوں سے نقل مکانی روکنے کےلئے عملی اقدامات کرے ،اگر توجہ نہ دی گئی لاہور کا حال بھی کراچی جیسا ہو جائے گا۔
تفصیلات کے مطابق ایک انٹر ویو میں گفتگو کرتے ہوئے معروف شاعر وصی شاہ نے کہا کہ حکومت دیہاتوں میں روزگاری کے فراہمی کےلئے نجی شعبوں کے ساتھ مل کر منصوبے لگائے۔
انہوں نے کہا کہ دیہات سے شہروں کی جانب نقل مکانی کو روکنے کے لیے لائیو سٹاک کے شعبے کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کیا جائے اور اس کی مصنوعات کی برآمدات کےلئے اقدامات کئے جائیں ۔
ان کا کہنا تھا کہ روزگار کے حصول میں مشکلات اور مناسب تعلیمی سہولیات نہ ہونے کی وجہ سے دیہاتوں کے رہائشی لاہور سمیت دیگر بڑے شہروں کا رخ کر رہے ہیں، جس سے ان شہروں پر دباؤ بڑھ رہا ہے اور پہلے سے موجود مسائل گھمبیر صورتحال اختیار کر رہے ہیں جو لمحہ فکریہ ہے ۔
وصی شاہ نے یہ بھی کہا کہ اگر حکومت نے فوری اور پائیدار اقدامات نہیں کیے تو لاہور کا حشر بھی کراچی جیسا ہوگا اور یہ شہر بھی آبادی کے بوجھ تلے دب کررہ جائے گا۔
سید وصی شاہ کا تعلق سرگودھا سے ہے اور وہ لاہور میں مقیم ہیں، شاعر ی کے علاوہ صحافی بھی ہیں اور مستقل کالم نگاری بھی کرتے ہیں، وصی شاہ کئی مقبول ڈراموںکے لکھاری بھی ہیں۔
یاد رہے کہ پنجاب کا سب سے بڑا ڈویژن لاہور آبادی کے لحاظ سے سرفہرست ہے، جس کی آبادی ایک کروڑ 11 لاکھ ہے۔لاہور آبادی کے لحاظ سے ملک کا دوسرا بڑا شہر ہے، لاہور کی آبادی ایک کروڑ 11 لاکھ افراد پر مشتمل ہے، گزشتہ مردم شماری میں لاہور کی آبادی 51 لاکھ 43 ہزار افراد پر مشتمل تھی جس میں 116 فیصد اضافہ ہوچکا ہے۔