ہفتہ, نومبر 16, 2024
اشتہار

حکومت نے 9 مئی کی سی سی ٹی وی ویڈیوز جاری کر دیں

اشتہار

حیرت انگیز

اسلام آباد: وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا اللہ تارڑ نے نیوز کانفرنس کے دوران 9 مئی پُرتشدد واقعات کی سی سی ٹی وی ویڈیوز جاری کر دیں۔

عطا اللہ تارڑ نے نیوز کانفرنس میں دعویٰ کیا کہ 9 مئی حملوں کے ناقابل تردید شواہد موجود ہیں، ایک جماعت نے منظم سازش کے ذریعے اُس دن حملے کیے، پی ٹی آئی عہدیداروں کو 9 مئی کیلیے ہدایات دی گئی تھیں۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ پی ٹی آئی نے 9 مئی کو حساس تنصیبات پر حملے کیے اور شہدا کی یادگاروں کی بے حرمتی کی، ہمارے پاس پی ٹی آئی رہنماؤں کی ویڈیوز موجود ہیں۔

- Advertisement -

انہوں نے کہا کہ کیا شہریار آفریدی اور عثمان ڈار ان کی جماعت کے ارکان نہیں؟ حساس تنصیبات کو نشانہ بنا کر سیاسی بیانیہ بنانے کی کوشش کی گئی، پی ٹی آئی نے اپنی انا کی تسکین کیلیے حملے کیے جبکہ پاکستان کے خلاف آئی ایم ایف کو خطوط لکھے۔

ان کا کہنا تھا کہ 77 سال میں جو قدم دشمن نہ اٹھا سکے وہ پی ٹی آئی والوں نے اٹھایا، سی سی ٹی وی موجود ہیں جس میں جلاؤ گھیراؤ کرنے والوں کو دیکھا جا سکتا ہے، ویڈیوز میں پی ٹی آئی کے لوگوں کو توڑ پھوڑ کرتے دیکھا جا سکتا ہے، انتشار اور فساد پی ٹی آئی کا وتیرہ ہے۔

’پاکستان ہے تو وزارتیں اور سیاسی جماعتیں ہیں۔ 9 مئی کو لوٹ مار بھی کی گئی جو پی ٹی آئی کا منشور ہے۔ حملوں کی تمام سی سی ٹی وی فوٹیجز سامنے لائے ہیں۔‘

عطا اللہ تارڑ نے مطالبہ کیا کہ 9 مئی کے تمام کیسز کا فیصلہ جلد از جلد کیا جائے کیونکہ اس دن قومی سلامتی کو نقصان پہنچانے کی کوشش کی گئی، 9 مئی مقدمات کو فوری فیصلے ہونے چاہئیں، جوڈیشل مقدمات کے فوری طور پر فیصلے ہونے چاہئیں۔

ان کا کہنا تھا کہ 9 مئی کے ذمہ دار قوم سے معافی مانگیں، بانی پی ٹی آئی اور ان کے دیگر رہنما بھی قوم سے معافی مانگیں کیونکہ ہمارے پاس ثبوت موجود ہیں اب یہ نہیں کہا جا سکتا کہ ہم نے کچھ نہیں کیا، معافی مانگیں اور قوم کو کبھی اپنی شکل نہ دکھائیں۔

Comments

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں