سرکاری اسکول کے کلرک نے طلبا کے مستقبل سے کھیلتے ہوئے امتحانی فیس کی مد میں جمع ہونے والی 25لاکھ روپے کی رقم جوئے میں اڑادی۔
ژوب میں سرکاری اسکول کلرک نے بے حسی کی انتہا کردی، طلبا کی امتحانی فیس کی مد میں 25لاکھ روپے کی رقم اس کے پاس جمع تھی، مذکورہ کلرک 25 لاھ کی خطیر رقم آن لائن جوئے میں ہار گیا۔
اس واقعے کے سامنے آنے کے بعد بلوچستان بورڈ نے وزیرتعلیم کی ہدایت پر میٹرک میں داخلے کی تاریخ میں توسیع کردی جس کا نوٹیفکیشن جاری کردیا گیا ہے۔
نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ گورنمنٹ ہائرسیکنڈری اسکول کیلئے میٹرک میں داخلے کیلئے 11 نومبر تک توسیع کردی گئی ہے۔
اس سے قبل میٹرک کیلئے داخلہ فارم جمع کرانے کیلئے 30 اکتوبر کی تاریخ مقرر کی گئی تھی تاہم سرکاری اسکول کلرک کی جانب سے رقم جوئے میں ہارنے کے بعد تاریخ میں توسیع کی گئی۔
خیال رہے کہ پاکستان کے مختلف صوبوں بالخصوص بلوچستان اور سندھ میں سرکاری اسکولوں کی حالت ویسے ہی خستہ ہے، سرکاری اسکولوں میں معیاری تعلیم کا فقدان ہونے کے علاوہ گھوسٹ اساتذہ بھی ایک مسئلہ ہیں۔