اسلام آباد: حکومت پاکستان نے کرونا وائرس کی وجہ سے بین الاقوامی پروازوں کی منسوخی کے بعد تمام علاقائی پروازیں بھی منسوخ کردیں۔
تفصیلات کے مطابق حکومت پاکستان کا کرونا وائرس سے بچاؤ کے لیے بڑا فیصلہ سامنے آگیا، بین الاقوامی پروازوں کی منسوخی کے بعد تمام علاقائی پروازیں بھی منسوخ کردی گئیں۔
ڈائریکٹر ائیر ٹرانسپورٹ نے علاقائی پروازوں کی منسوخی سے متعلق نوٹم جاری کیا جس میں کہا گیا کہ حکومت پاکستان نے تمام ایئر لائن آپریٹرز سے مشاورت کے بعد فیصلہ کیا۔
عرفان صابر کے مطابق تمام قسم کی علاقائی شیڈول، بغیر شیڈول چارٹرڈ اور نجی ہوائی جہاز کے مسافروں کی پروازوں کا آپریشن 26 مارچ کو شام 6 بجے سے معطل کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
ڈائریکٹر ائیر ٹرانسپورٹ کی جانب سے جاری نوٹم میں کہا گیا ہے کہ مذکورہ بالا معطلی کا اطلاق کارگو اور خصوصی پروازوں پر نہیں ہوگا جن کو منظوری خصوصی اجازت کے تحت ہوں گے۔
یاد رہے کہ تین روز کرونا وائرس کے ملک میں بڑھتے ہوئے خطرے کے پیش نظر حکومت پاکستان نے 2 ہفتوں کے لیے تمام بین الاقوامی پروازوں کی آمد کو معطل کر دیا تھا۔
قبل ازیں حکومت پاکستان کی ہدایات کے بعد پاکستان انٹرنیشل ایئرلائنز (پی آئی اے) نے اپنی تمام بین الاقوامی پروازوں کو عارضی طور پر معطل کر دیا تھا۔