اسلام آباد : وزیرتعلیم شفقت محمود نے نجی تعلیمی اداروں کی نمائندہ تنظیموں سے ملاقات میں اسکولز کھلنے سے متعلق فیصلے کیلئے 4 جنوری تک کا وقت مانگ لیا اور کہا 4جنوری کوبین الصوبائی وزرائے تعلیم اور این سی اوسی اجلاس میں فیصلہ ہوں گے۔
تفصیلات کے مطابق وزیرتعلیم شفقت محمود اورنجی تعلیمی اداروں کی نمائندہ تنظیموں کی ملاقات ختم ہوگئی ، وزیرتعلیم شفقت محمود، پارلیمانی سیکرٹری ،چیئرپرسن پیرا نے حکومتی کی نمائندگی کی جبکہ سپریم کونسل کےوفدمیں افضل بابر،حافظ بشارت، ابرار خان اور ناصر محمود شریک ہیں۔
سپریم کونسل پرائیویٹ اسکولز کا کہنا تھا کہ نجی اسکولز11جنوری کوکھولنےکامشترکہ فیصلہ ہے، حکومت ہماری مشکلات سمجھےان کے حل کیلئے اقدامات کرے۔
وزیرتعلیم شفقت محمود نے کہا ہے کہ مارچ میں ہونے والے امتحانات موخر ہوں گے اور اس سال گرمیوں کی چھٹیاں کم ہوں گی تاہم حتمی منظوری این سی او سی دے گا۔
ملاقات میں نجی تعلیمی ادارے 11 جنوری کو کھلنے کا فیصلہ نہ ہوسکا ، وزیرتعلیم شفقت محمودنے 4 جنوری تک کا وقت مانگ لیا اور کہا 4جنوری کوبین الصوبائی وزرائے تعلیم اور این سی اوسی اجلاس میں فیصلہ ہوں گے۔
شفقت محمود کا کہنا تھا کہ فیصلوں کوحتمی منظوری کیلئےاین سی اوسی میں رکھاجائےگا، وزارت صحت کی تجاویز کے بنا تعلیمی ادارے نہیں کھول سکتے، ہم نےبچوں،اساتذہ ،اسٹاف سب کی صحت کودیکھناہے، وزارت صحت کی بریفنگ پر تعلیمی ادارے کھولنے کا فیصلہ ہوگا۔
وزیر تعلیم کا کہنا تھا کہ نجی تعلیمی اداروں کی مشکلات کاادراک ہے، نجی تعلیمی اداروں کو پیکیج دےرہےہیں۔
یاد رہے پرائیویٹ اسکولز سپریم کونسل کے عہدیداران نے پریس کانفرنس کی تھی ، جس میں پرائیویٹ اسکولزسپریم کونسل نے 11جنوری سے تعلیمی ادارے کھولنے کا اعلان کیا تھا۔
پرائیوٹ اسکولز سپریم کونسل نے کہا تھا کہ حکومت 11جنوری کوکھولنے کا خود اعلان کرے، تعلیمی ادارے ایس او پیز کے مطابق کھولیں گے۔
واضح رہے حکومت نے 26 نومبر سے 10 جنوری تک ملک بھر کے تمام تعلیمی ادارے بند کرنے کا اعلان کیا اور کہا حالات بہتر ہونے پر 11 جنوری سے تعلیمی ادارے کھولے جائیں گے۔