اسلام آباد: وزیراعظم کی ہدایت پر مراکش کشتی حادثے کی تحقیقات کیلئے بنائی گئی اعلیٰ سطح تحقیقاتی ٹیم مراکش روانہ ہوگئی۔
تفصیلات کے مطابق مراکش کشتی حادثے کی تحقیقات کے لئے وفاقی تحقیقاتی ادارے کی 4 رکنی ٹیم مراکش روانہ ہوگئی ، ایڈیشنل سیکرٹری داخلہ سلمان چوہدری تحقیقاتی ٹیم کی سربراہی کررہے ہیں۔
ایف آئی اے پنجاب کے ایڈیشنل ڈائریکٹرنارتھ اور منیرمسعودمارتھ بھی ٹیم میں شامل ہیں جبکہ دفترخارجہ اورآئی بی کا ایک ایک افسربھی تحقیقاتی ٹیم کے ساتھ مراکش روانہ ہوا ہے۔
تحقیقاتی ٹیم 3 سے 4 روزمراکش میں قیام کرے گی اور اس دوران کشتی حادثےمیں بچ جانے والے پاکستانیوں سے ملاقات کرے گی ساتھ ہی پاکستانیوں پر تشدد اور قتل کی بھی تحقیقات کرے گی۔
یاد رہے دو روز قبل جمعرات کو افریقہ کے ملک موریطانیہ سے غیرقانونی اسپین جانے والوں کی کشتی کوحادثہ پیش آیا تھا ، کشتی حادثے میں 44 پاکستانیوں سمیت 50 تارکین وطن جان سے گئے تھے۔
86 تارکین وطن کی کشتی 2 جنوری کو موریطانیہ سے روانہ ہوئی تھی ، کشتی میں 66 پاکستانی سوارتھے، جس مین 36 کوبچالیا گیا۔
کشتی حادثے میں جاں بحق 44 پاکستانیوں میں سے12 نوجوان گجرات کے رہائشی تھے جبکہ سیالکوٹ اور منڈی بہاالدین کے افراد بھی کشتی میں موجود تھے۔