اسلام آباد: وفاقی حکومت نے پاکستان تحریک انصاف کے لانگ مارچ کے خلاف عدالت عظمیٰ سے رجوع کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے۔
ذرائع کے مطابق سپریم کورٹ میں دائر کرنے کے لیے پٹیشن تیار کی جا رہی ہے۔ رہنما پی ٹی آئی علی امین گنڈاپور کی مبینہ آڈیو کے بعد حکومت نے پٹیشن دائر کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ پٹیشن متوقع طور پر پیر کو دائر کی جائے گی۔
وفاقی وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ نے اپنی پریس کانفرنس میں علی امین گنڈاپور کی مبینہ آڈیو چلائی جس میں راول پنڈی اسلام آباد کے قریب بندوقیں اور لوگ جمع کرنے کی بات کی جا رہی ہے۔
وزیر داخلہ نے آئی جی خیبر پختونخوا اور چیف سیکرٹری کو خبردار کیا ہے کہ ان لوگوں کو گرفتار کریں اور اگر ایسا کوئی گروہ اسلام آباد کے قریب بھی آیا تو آپ براہ راست ذمہ دار ہوں گے۔
رانا ثنا اللہ نے دعویٰ کیا کہ عمران خان کا مقصد دھرنا نہیں بلکہ لاشیں گرانا ہے، علی امین گنڈاپور جس سے بات کر رہا ہے اس شخص کا پتا چل گیا، عمران خان کے قریبی ساتھی نے لانگ مارچ کو خونی قرار دیا، مارچ میں اپنے بندوں کی لاشیں گرا کر اداروں پر الزام لگائیں گے، عمران خان کس منہ سے کہہ رہا ہے میں پُرامن مارچ کر رہا ہوں۔