اسلام آباد : نگراں وزیراطلاعات سید علی ظفر کا کہنا ہے کہ نوازشریف اور مریم نواز کو برطانوی حکومت کے تعاون سے پاکستان واپس لایا جائے گا۔
تفصیلات کے مطابق نگراں وزیراطلاعات ونشریات سید علی ظفر نے نجی نیوز چینل سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ حکومت سابق وزیراعظم نوازشریف کے مقدمے سے متعلق احتساب عدالت کے فیصلے پرعمل درآمد کرے گی۔
نگراں وزیراطلاعات کے مطابق مقدمے میں قانونی طریقہ کار پرپیرسے عمل درآمد کیا جائے گا اور حکومت مجرمان کی جائیدار ضبط کرنے سے متعلق عدالتی حکم نامے پر بھی عمل درآمد کرے گی۔
سید علی ظفر کا کہنا تھا کہ سابق وزیراعظم کو احتساب عدالت کے فیصلے کے خلاف اپیل دائر کرنے کا حق حاصل ہے۔
نگراں وزیراطلاعات کا مزید کہنا تھا کہ نوازشریف اور مریم نواز کو برطانوی حکومت کے تعاون سے پاکستان واپس لایا جائے گا تاہم برطانیہ کے ساتھ پاکستان کا مجرموں کی حوالگی کا کوئی معاہدہ موجود نہیں ہے۔
سید علی ظفر کا نیب سے متعلق کہنا تھا کہ نیب ایک آئینی ادارہ ہے اور ہم اس کے معاملات میں مداخلت نہیں کرسکتے جبکہ کیپٹن ریٹائرڈ صفدرکی گرفتاری کے لیے نیب کارروائی کررہی ہے۔
نوازشریف، مریم نواز اور کیپٹن صفدر کو قید کی سزا اورجرمانہ
یاد رہے کہ گزشتہ روز احتساب عدالت نے ایون فیلڈ ریفرنس میں سابق وزیراعظم نوازشریف کو 11 اور ان کی صاحبزادی مریم نواز کو 8 اور داماد کیپٹن ریٹائرڈ محمد صفدر کو ایک سال قید کی سائی تھی۔
خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں۔ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔