تازہ ترین

کراچی میں فری وائی فائی سروس فراہم کریں گے، وفاقی وزیر نے عندیہ دے دیا

کراچی: وفاقی وزیر برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی خالد مقبول صدیقی نے شہر قائد میں جلد فری وائی فائی سروس شروع کرنے کا عندیہ دے دیا۔

تفصیلات کے مطابق شہر قائد کے علاقے ایکسپو سینٹر میں انفارمیشن ٹیکنالوجی کے حوالے سے تین روزہ نمائش کا انعقاد کیا جارہا ہے جو 25 سے 27 ستمبر تک جاری رہے گی۔ تین روزہ بین القوامی انفارمیشن ٹیکنالوجی (آئی ٹی سی این) اور فائر اینڈ سییفٹی ایشیاء نمائش کا افتتاح  وفاقی وزیر برائے آئی ٹی خالد مقبول صدیقی نے کیا۔

اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اُن کا کہنا تھا کہ پاکستان کو نوے کی دہائی میں آئی ٹی شعبے کی ترقی کے کئی موقع ملے لیکن وہ ضائع کردیئے گئے۔

انہوں نے کہا کہ جب تک خوشحالی کراچی سے ہوکر نہیں جائے گی، پاکستان ترقی نہیں کرسکتا،  ملک میں جدید آئی ٹی کی تعلیم کو فروغ سے ہم دنیا کا مقابلہ کرسکتے ہیں، اس لیے ہم نے تہیہ کیا ہے کہ کراچی کو ڈیجیٹل آئز (جدید) کرکے ملک کے کے طول و ارض تک اسے وسعت دی جائے گی۔

وفاقی وزیر نے عندیہ دیا کہ کراچی میں مفت وائی فائی کی سہولت فراہم کریں گے تاکہ ہمارے طلبہ میں مثبت سرگرمیوں کو فروغ حاصل ہوسکے۔  انہوں نے کہا کہ انفارمیشن ٹیکنالوجی میں جدت لانے کے لئے ریگیولیٹری اتھارٹی کے قیام پر غور کیا جارہا ہے جس کا اعلان جلد کیا جائے گا۔

ایک سوال کے جواب میں وفاقی وزیر خالد مقبول صدیقی کا کہنا تھا کہ پاکستان پر انتہا پسندی کی تہمت لگانے والے ملک بھارت نے خود انتہا پسند شخص کو وزیر اعظم بنایا ہیں بھارتی عوام کو اس پر غور و خوص کرنا چاہیے، پاکستان امن پسند ملک ہے لیکن ہماری امن پسندی کو کمزوری نہ سمجھا جائے۔

افتتاح کے بعد وفاقی وزیر برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی خالد مقبول صدیقی نے اٹھارویں آئی ٹی سی این ایشیا اور فائر اینڈ سیکیورٹی ایشیاء نمائش کے مختلف ہالز کا دورہ کرکے پاکستان چین اقتصادی راہداری میں آئی ٹی کے کردار اور ملک میں اس شعبے کو درپیش چیلنجز کے موضوع پر سیمینار سے خطاب کیا۔

Comments

- Advertisement -