لاہور : حکومت کا فون ٹیپ کرنے کی اجازت دینے کا اختیار عدالت میں چیلنج کردیا گیا، جس میں نوٹیفکیشن غیر قانونی قرار دینے کی استدعا کی گئی ہے۔
تفصیلات کے مطابق حکومت کی جانب سے فون ٹیپ کرنے کی اجازت دینے کے اختیار کیخلاف درخواست دائر کردی گئی ، درخواست لاہورہائیکورٹ میں دائر کی۔
درخواست میں کہا گیا کہ حکومت نے ایک نوٹیفکیشن میں لوگوں کےفون ٹیپ کرنےکی اجازت دی ، پی ٹی اے ایکٹ کے جس سیکشن کے تحت نوٹیفکیشن ہوا اس کے ابھی رولز نہیں بنے۔
درخواست گزار کا کہنا تھا کہ آئین شہریوں کو پرائیویسی اور آزادی اظہار رائے فراہم کرتا ہے، استدعا ہے کہ حکومت کا فون ٹیپ کرنے کی اجازت دینے کا نوٹیفکیشن غیر قانونی قرار دیا جائے۔
یاد رہے حکومت نے قومی سلامتی اور جرم کے خدشے کے تناظر میں فون ٹیپنگ کی اجازت دی تھی ، پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن ایکٹ کی دفعہ چوون کے تحت آئی ایس آئی کو اجازت دی گئی۔
وزارت انفارمیشن ٹیکنالوجی اینڈ ٹیلی کمیونی کیشن نے گزٹ نوٹیفکیشن جاری کیا، نوٹیفکیشن کے مطابق کم از کم گریڈ اٹھارہ کا افسر تعینات کیاجائے گا، کسی بھی کال یا میسج کو ٹریس کرنے کا اختیار ہوگا۔