اسلام آباد: سپریم کورٹ نے شریف خاندان کے خلاف ریفرنسز کی مدت سماعت میں توسیع کرتے ہوئے 9 جون تک ٹرائل مکمل کرنے کی ہدایت کردی۔
تفصیلات کے مطابق سپریم کورٹ نے شریف خاندان کے خلاف ریفرنسز کی سماعت میں ایک ماہ کی توسیع کردی۔ عدالت نے 9 جون تک چاروں ریفرنسز کا ٹرائل مکمل کرنے کی ہدایت کی ہے۔
جسٹس عظمت سعید کا کہنا ہے کہ ٹرائل 9 جون تک مکمل نہ ہوا تو دیکھ لیں گے۔ مزید وقت کی ضرورت ہوئی تو آجائیے گا۔
سابق وزیر اعظم نواز شریف کے وکیل خواجہ حارث نے مدت سماعت میں 3 ماہ کی توسیع دینے کی استدعا کی جسے مسترد کردیا گیا۔ جسٹس عظمت سعید نے ریمارکس دیے کہ رمضان میں بزرگوں نے روزے رکھ کر جنگیں لڑیں۔
جسٹس عظمت سعید شیخ کا کہنا تھا کہ ہم یقینی بنائیں گے انصاف کا قتل نہ ہو، آپ کو آئین کے تحت سماعت اور دفاع کا موقع ملے۔ کارروائی مکمل نہ ہونے پر مزید توسیع دی جا سکتی ہے۔
خواجہ حارث نے کہا کہ بار بار عدالت میں آکر مزید توسیع کی استدعا اچھی نہیں لگتی جس پر جسٹس عظمت سعید شیخ نے کہا کہ کیوں آپ بار بار ملاقات کرنا نہیں چاہتے۔
خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں۔ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔