اتوار, نومبر 17, 2024
اشتہار

کراچی: تجاوزات کے خلاف بڑا آپریشن مکمل، کراچی پولیس چیف کا دورۂ ایمپریس مارکیٹ

اشتہار

حیرت انگیز

کراچی: شہرِ قائد کے علاقے ایمپریس مارکیٹ میں تجاوزات کے خلاف بڑا آپریشن مکمل ہو گیا، جس کے دوران 1400 سے زائد غیر قانونی دکانوں اور پتھاروں پر بلڈوزر چلا دیا گیا۔

تفصیلات کے مطابق ایمپریس مارکیٹ میں تجاوزات کے خلاف آپریشن مکمل ہو گیا ہے، پرندہ مارکیٹ، چائے کی پتی اور خشک میوہ جات کی غیر قانونی مارکیٹیں مسمار کر دی گئیں۔

[bs-quote quote=”روزگار چھنتا دیکھ کر کچھ دکان دار دل برداشتہ ہو گئے اور خود ہی دکانوں کو آگ لگا دی۔” style=”style-7″ align=”left” color=”#dd3333″][/bs-quote]

- Advertisement -

مئیر کراچی وسیم اختر نے کے ایم سی کی غلطی مان لی، کہتے ہیں سابقہ افسران نے لیز غلط دی، تاریخی مارکیٹ کو اصل حالت میں بحال کریں گے، پورے شہر میں قبضہ مافیا کے خلاف ایکشن لیں گے۔

کام یاب آپریشن کے اختتام پر ایڈیشنل آئی جی امیر شیخ نے ایمپریس مارکیٹ کا دورہ کیا، پولیس چیف نے تجاوزات آپریشن کے بعد کی صورتِ حال کا جائزہ لیا، کہا تجاوزات کے خلاف آپریشن سے شہر کا حلیہ تبدیل ہو گیا۔

ایڈیشنل آئی جی نے کہا کہ میئر کراچی وسیم اختر، وزیرِ بلدیات سعید غنی اور کے ایم سی کا شکر گزار ہوں، تجاوزات ہٹانے میں مدد کرنے پر دکان داروں کا بھی شکر گزار ہوں۔


یہ بھی پڑھیں:  کراچی: ایمپریس مارکیٹ میں تجاوزات کے خلاف گرینڈ آپریشن


ڈاکٹر امیر شیخ نے کہا کہ شہر سے تجاوزات کا مکمل طور پر خاتمہ کرنا ہوگا، شہر کی خوب صورتی بگاڑنے کی بجائے سنوارنا ہے، جو دکانیں قانونی ہیں انھیں متبادل جگہ ملنی چاہیے۔

دریں اثنا تجاوزات کے خلاف آپریشن پر تاجروں نے احتجاج کیا، روزگار چھنتا دیکھ کر کچھ دکان دار دل برداشتہ ہو گئے اور خود ہی دکانوں کو آگ لگا دی۔

آپریشن کے دوران ٹن کی چادروں پر  بھی جھگڑا ہوا، مشتعل شخص نے پتھراؤ شروع کر دیا، تاہم عوام نے اسے پکڑ کر مارا پیٹا۔ لوہا چننے والے بھی متحرک نظر آئے، تاہم پولیس نے مستعدی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ملبے سے لوہا نکالنے والوں کو موقع پر گرفتار کر لیا۔

Comments

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں